دنیا کے سب سے بڑے کرپٹو کرنسی ایکسچینجز میں شمار ہونے والے بائننس نے یورپی یونین کے کئی ممالک میں اپنی کرپٹو سروسز عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
بائننس کے مطابق کمپنی نے یورپی یونین کے کرپٹو قوانین مارکیٹس ان کرپٹو اسسیٹس (مائیکا) کے تحت یونان میں آپریشن کی اجازت کے لیے درخواست دی تھی، تاہم اب یہ درخواست واپس لے لی گئی ہے اور کمپنی کسی دوسرے یورپی ملک میں منظوری حاصل کرنے کی کوشش کرے گی۔
مائیکا قوانین کا مقصد یورپی یونین میں کرپٹو اثاثوں کی تجارت کے لیے ایک مشترکہ فریم ورک قائم کرنا ہے، جس میں سرمایہ کاروں کا تحفظ، شفافیت اور منی لانڈرنگ کے خلاف اقدامات شامل ہیں۔
بائننس نے صارفین کو بتایا ہے کہ فرانس میں یکم جولائی 2026 سے نئے صارفین کو قبول نہیں کیا جائے گا اور کرپٹو اثاثوں سے متعلق سروسز بھی معطل کر دی جائیں گی۔ کمپنی کے مطابق دیگر متاثرہ یورپی مارکیٹس میں بھی صارفین کو اسی نوعیت کے پیغامات بھیجے گئے ہیں۔
کمپنی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ صارفین کے اثاثے محفوظ ہیں اور وہ ہر وقت اپنے فنڈز تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔
بائننس کا کہنا ہے کہ یونان میں درخواست واپس لینے کا فیصلہ صارفین کے مفاد اور یورپ میں طویل مدتی قانونی راستہ اختیار کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔
2017 میں قائم ہونے والا بائننس دنیا کا سب سے بڑا کرپٹو ایکسچینج بن گیا تھا، تاہم 2022 کے کرپٹو مارکیٹ بحران کے بعد اسے مختلف ممالک میں ریگولیٹری تحقیقات اور قانونی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا۔
بائننس کے سابق سربراہ چانگ پینگ ژاؤ (سی زی) نے 2023 میں امریکا میں اینٹی منی لانڈرنگ قوانین کی خلاف ورزی کا اعتراف کیا تھا اور 2024 میں انہیں چار ماہ قید کی سزا بھی سنائی گئی۔
یورپی حکام کی جانب سے کرپٹو کمپنیوں پر نگرانی سخت ہونے کے بعد بائننس سمیت کئی بڑے پلیٹ فارمز کو نئی شرائط پوری کرنے کے لیے دباؤ کا سامنا ہے۔











