اہم ترین

نیوزی لینڈ ویسٹ انڈیز ون ڈے سیریز: جیکب ڈفی کی کیوی ٹیم میں واپسی

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف آئندہ پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے لیے اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جس میں تجربہ کار فاسٹ بولر جیکب ڈفی کی واپسی ہوئی ہے۔

ڈفی انگلینڈ کے خلاف حالیہ ٹیسٹ سیریز میں اپنے پہلے بچے کی پیدائش کے باعث دستیاب نہیں تھے، تاہم اب وہ ایک بار پھر بلیک کیپس کی نمائندگی کرتے نظر آئیں گے۔ وہ آخری بار مارچ میں ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ کے فائنل میں نیوزی لینڈ کی جانب سے میدان میں اترے تھے۔

نیوزی لینڈ کے ہیڈ کوچ روب والٹر نے کہا کہ جیکب ڈفی اور نوجوان فاسٹ بولر میٹ فشر کی شمولیت سے ٹیم کو نئی توانائی ملے گی۔ ان کے مطابق ڈفی گزشتہ چند برسوں سے تینوں فارمیٹس میں مسلسل عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور ان کا تجربہ ٹیم کے لیے انتہائی مفید ثابت ہوگا۔

26 سالہ میٹ فشر، جنہوں نے اب تک نیوزی لینڈ کے لیے ایک ٹیسٹ اور ایک ٹی20 انٹرنیشنل کھیلا ہے، بھی اسکواڈ میں شامل کیے گئے ہیں۔

ادھر انگلینڈ کے خلاف حالیہ ٹیسٹ سیریز میں شاندار بولنگ کرنے والے نیتھن اسمتھ اور بین سیئرز کو بھی ون ڈے اسکواڈ میں برقرار رکھا گیا ہے۔ نیتھن اسمتھ نے تین ٹیسٹ میچوں میں 16 وکٹیں حاصل کر کے نیوزی لینڈ کی سیریز فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

دوسری جانب ورک لوڈ مینجمنٹ کے تحت کائل جیمیسن، میٹ ہنری اور ول او رورک کو آرام دیا گیا ہے، جبکہ بلیئر ٹکنر ٹخنے کی سرجری کے باعث دستیاب نہیں ہوں گے۔

بیٹنگ لائن میں بھی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ ڈیون کونوے کو اپنے دوسرے بچے کی پیدائش کے بعد اہل خانہ کے ساتھ وقت گزارنے کے لیے آرام دیا گیا ہے، جبکہ رچن رویندرا کو میجر لیگ کرکٹ میں شرکت کی اجازت دی گئی ہے۔

پاکستان