اہم ترین

پیدائش سے پہلے ہی بچے کی جدائی: نیدر لینڈز کے گاکپو گول کرنے کے بعد میدان میں ہی آبدیدہ

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے دوران ایک نہایت جذباتی منظر اس وقت دیکھنے میں آیا جب نیدرلینڈز کے اسٹار فٹبالر کوڈی گاکپو گول اسکور کرنے کے بعد میدان میں اپنے آنسو نہ روک سکے۔

رپورٹس کے مطابق گاکپو اور ان کی اہلیہ نوآ فان ڈیر بیج حال ہی میں اپنے آنے والے بچے سے محروم ہو گئے تھے۔ اس ذاتی صدمے کے باوجود انہوں نے قومی ٹیم کا ساتھ نہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا اور اہم ناک آؤٹ میچ میں میدان میں اترے۔

میچ کے 72ویں منٹ میں گاکپو نے شاندار گول کر کے نیدرلینڈز کو برتری دلائی۔ تاہم گول کے بعد انہوں نے کوئی جشن نہیں منایا بلکہ سر جھکا کر جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور میدان میں ہی رونے لگے۔

یہ منظر دیکھ کر ان کے ساتھی کھلاڑی فوری طور پر ان کے پاس پہنچے، انہیں گلے لگایا اور حوصلہ دیا، جبکہ اسٹیڈیم میں موجود ہزاروں شائقین احتراماً کھڑے ہو گئے اور مسلسل تالیاں بجا کر گاکپو سے یکجہتی کا اظہار کیا۔

اگرچہ نیدرلینڈز نے مقررہ وقت تک برتری برقرار رکھی، لیکن انجری ٹائم میں مراکش نے برابر کا گول کر دیا، جس کے بعد فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔ مراکش نے 3-2 سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی، جبکہ نیدرلینڈز ٹورنامنٹ سے باہر ہو گیا۔

میچ کا نتیجہ نیدرلینڈز کے حق میں نہ رہا، لیکن ذاتی دکھ کے باوجود ٹیم کے لیے کھیلنے اور پھر میدان میں اپنے جذبات کا اظہار کرنے پر کوڈی گاکپو کو دنیا بھر کے فٹبال شائقین کی جانب سے خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔

پاکستان