اہم ترین

فون کا والیوم بٹن صرف آواز نہیں ویڈیو بنانے کے لئے بھی استعمال ہوتا ہے

اگر آپ اینڈرائیڈ اسمارٹ فون استعمال کرتے ہیں تو یہ جاننا ضروری ہے کہ والیوم بٹن صرف آواز کم یا زیادہ کرنے کے لیے ہی نہیں، بلکہ کئی دوسرے مفید کاموں کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

تصاویر اور ویڈیوز بنائیں

کیمرا ایپ میں والیوم بٹن دبا کر تصویر کھینچی جا سکتی ہے، جبکہ ویڈیو ریکارڈنگ شروع یا بند بھی کی جا سکتی ہے۔ اس سے اسکرین کو ٹچ کیے بغیر آسانی سے فوٹوگرافی ممکن ہوتی ہے۔

کیمرے میں زوم کریں

بیشتر اینڈرائیڈ فونز میں کیمرہ سیٹنگز کے اندر والیوم بٹن کا آپشن موجود ہوتا ہے، جہاں صارف والیوم بٹن کو زوم کنٹرول کے لیے بھی سیٹ کر سکتا ہے۔ تاہم ایک وقت میں والیوم بٹن صرف ایک ہی فنکشن انجام دے سکتا ہے، یعنی اگر اسے زوم کے لیے منتخب کیا جائے تو وہ شٹر بٹن کے طور پر کام نہیں کرے گا۔

الارم بند یا اسنوز کریں

صبح الارم بجنے پر اسکرین کھولنے کی ضرورت نہیں۔ بہت سے اینڈرائیڈ فونز میں والیوم بٹن دبا کر الارم کو بند یا کچھ دیر کے لیے اسنوز کیا جا سکتا ہے، جس کی سیٹنگ الارم ایپ میں موجود ہوتی ہے۔

فون ہینگ ہونے پر فورس ری اسٹارٹ

اگر فون مکمل طور پر ہینگ ہو جائے اور اسکرین یا ایپس کام نہ کریں تو پاور بٹن اور والیوم ڈاؤن بٹن کو چند سیکنڈ تک ایک ساتھ دبانے سے فون فورس ری اسٹارٹ ہو سکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس فیچر کو صرف ہنگامی صورتحال میں استعمال کرنا چاہیے، معمول کے مطابق نہیں۔

پاکستان