بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کی آنے والی فلم ماتر بھومی: مے وار ریسٹ اِن پیس کے سینٹرل بورڈ ٓف فلم سرٹیفکیشن (سی بی ایف سی) سے سرٹیفکیٹ نہ ملنے کی خبروں کو فلم کے میکرز نے مسترد کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا میں گردش کرنے والی رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ فلم سینسر بورڈ سے سرٹیفکیشن نہ ملنے کے باعث تاخیر کا شکار ہے، تاہم سلمان خان فلمز نے ایک باضابطہ بیان جاری کرتے ہوئے ان خبروں کو مکمل طور پر بے بنیاد قرار دیا۔
بیان میں کہا گیا کہ فلم کو ابھی تک سرٹیفکیشن کے لیے سی بی ایف سی کے پاس جمع ہی نہیں کرایا گیا، اس لیے یہ دعویٰ غلط ہے کہ فلم کسی سینسر تنازع یا سرٹیفکیٹ کے مسئلے کا شکار ہے۔
میکرز نے شائقین سے اپیل کی کہ غیر مصدقہ خبروں پر یقین نہ کریں اور فلم سے متعلق تمام مستند معلومات صرف سلمان خان فلمز کے آفیشل پلیٹ فارمز سے حاصل کریں۔
ہدایتکار اپروا لاکھیا کی اس فلم کی کہانی 2020 میں بھارت اور چین کے درمیان ہونے والے گلوان وادی کے سرحدی تصادم پر مبنی ہے۔ فلم میں سلمان خان کے ساتھ چترانگدا سنگھ مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں۔
فلم پہلے اپریل میں ریلیز ہونا تھی، تاہم اسے مؤخر کر دیا گیا تھا۔ اب اطلاعات ہیں کہ فلم 15 اگست کے آس پاس ریلیز ہو سکتی ہے، تاہم اس حوالے سے میکرز کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا ہے۔











