فیفا ورلڈ کپ 2026 کے ناک آؤٹ مرحلے میں آسٹریلیا کے خلاف تاریخی فتح کے بعد مصر کے ہیڈ کوچ حسام حسن نے اپنی ٹیم کی کامیابی فلسطینی عوام کے نام کرتے ہوئے ان کے لیے دعا کی۔
مصر نے سنسنی خیز مقابلے میں آسٹریلیا کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں 4-2 سے شکست دے کر اپنی تاریخ میں پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں کامیابی حاصل کی۔ مقررہ اور اضافی وقت کے اختتام پر دونوں ٹیمیں 1-1 سے برابر تھیں۔
میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حسام حسن نے کہا، “اللہ فلسطینی عوام کو کامیابی عطا فرمائے، ان کے شہداء پر اپنی رحمت نازل کرے۔ میں یہ فتح مصری عوام اور فلسطینی عوام، ان باوقار اور عظیم لوگوں کے نام کرتا ہوں۔”
تاریخی کامیابی کے بعد حسام حسن نے میدان میں فلسطین اور مصر کے پرچم اٹھا کر جشن منایا، جبکہ پوری ٹیم نے اجتماعی طور پر سجدۂ شکر بھی ادا کیا۔
میچ میں مصر کی جانب سے امام عاشور نے 13ویں منٹ میں ہیڈر کے ذریعے برتری دلائی، تاہم دوسرے ہاف میں محمد ہانی کے خود ساختہ گول کے باعث آسٹریلیا نے مقابلہ برابر کر دیا۔ فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ میں ہوا، جہاں حسام عبدالمجید نے فیصلہ کن پنالٹی اسکور کر کے مصر کو تاریخی فتح دلائی۔
اس کامیابی کے بعد فلسطینی شائقین نے بھی سوشل میڈیا پر خوشی کا اظہار کیا۔ غزہ سے تعلق رکھنے والے کئی صارفین نے مصر کی کامیابی کو اپنی خوشی قرار دیتے ہوئے مصری ٹیم کو مبارک باد پیش کی۔











