اہم ترین

عراق میں کرپشن کے خلاف مہم: سابق نائب وزیرِ تیل کے کیس میں 375 کلو سونا برآمد

عراق کی سپریم جوڈیشل کونسل نے اعلان کیا ہے کہ سابق نائب وزیرِ تیل برائے ریفائننگ امور عدنان الجمیلی سے متعلق بدعنوانی کے مقدمے میں 375 کلوگرام سونا برآمد کر لیا گیا ہے، جسے حکام نے انسدادِ بدعنوانی مہم کی بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔

الجزیرہ کے مطابق اعران کی سینٹرل اینٹی کرپشن کریمنل کورٹ کے جج ضیاء جعفر کے مطابق کردستان ریجنل حکام کے تعاون سے کارروائی کے دوران 358 کلوگرام سونا برآمد کیا گیا، جبکہ اسی روز ایک علیحدہ کارروائی میں مزید 17 کلوگرام سونا بھی ضبط کیا گیا۔ برآمد شدہ سونا عراقی مرکزی بینک کے ایشو اینڈ ٹریژری ڈیپارٹمنٹ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

عدنان الجمیلی کو گزشتہ مئی میں بدعنوانی کے شبہے میں گرفتار کیا گیا تھا، جبکہ انہیں 2 جون کو عہدے سے باضابطہ طور پر برطرف کر دیا گیا تھا۔ تحقیقات کے مطابق وہ گزشتہ سال اکتوبر سے سرکاری وسائل اور حکومتی معاہدوں کا ناجائز استعمال کر کے کمیشن اور ذاتی مالی فائدہ حاصل کرتے رہے۔

اس سے قبل گزشتہ ہفتے حکام نے اسی مقدمے میں 14 ارب عراقی دینار (تقریباً 1 کروڑ 6 لاکھ ڈالر) بارش کے پانی کی نکاسی کے ایک گڑھے سے برآمد کیے تھے۔

عراقی حکومت کے ترجمان حیدر العبودی کے مطابق صرف عدنان الجمیلی کے کیس میں اب تک 127 ارب عراقی دینار (تقریباً 9 کروڑ 60 لاکھ ڈالر) کے علاوہ 2 کروڑ 40 لاکھ امریکی ڈالر، جائیدادیں، گاڑیاں، سونے کے زیورات اور دیگر قیمتی اثاثوں کا سراغ لگایا جا چکا ہے۔

یہ کارروائیاں وزیرِاعظم علی فالح الزیدی کی جانب سے مئی میں اقتدار سنبھالنے کے بعد شروع کی گئی ملک گیر انسدادِ بدعنوانی مہم “آپریشن ڈان” کے تحت جاری ہیں، جس کا مقصد سرکاری خزانے سے خردبرد کی گئی رقوم اور اثاثوں کی بازیابی ہے۔

عراقی حکام کے مطابق اس مہم میں متعدد اعلیٰ سرکاری افسران اور ارکانِ پارلیمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جبکہ بیرونِ ملک موجود سینکڑوں مطلوب افراد کی حوالگی اور اسمگل کیے گئے اثاثوں کی واپسی کے لیے بھی قانونی کارروائی جاری ہے۔

پاکستان