اہم ترین

مائیک ہسی ایشز سیریز میں اپنے ہی ملک کے خلاف انگلینڈ کی کوچنگ کو تیار

آسٹریلیا کے سابق ٹیسٹ کرکٹر مائیک ہسی آئندہ ایشز سیریز میں اپنی ہی قومی ٹیم کے خلاف انگلینڈ کے بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے کام کر سکتے ہیں۔ ہسی نے جمعہ کو انگلینڈ کے ساتھ بطور ٹیسٹ بیٹنگ کوچ منسلک ہونے کے امکان پر آمادگی ظاہر کی ہے۔

مائیک ہسی کے مطابق انگلینڈ کے نئے ریڈ بال کوچ اسٹیفن فلیمنگ نے انہیں غیر رسمی طور پر بیٹنگ کوچ کا کردار سنبھالنے کی پیشکش کے حوالے سے بات کی ہے۔ دونوں نے انڈین پریمیئر لیگ کی ٹیم چنئی سپر کنگز کے ساتھ تقریباً 15 برس تک کھلاڑی اور بعد ازاں کوچ کی حیثیت سے ایک ساتھ کام کیا ہے۔

ہسی نے فاکس اسپورٹس سے گفتگو میں بتایا کہ فلیمنگ کے ساتھ ان کے اچھے تعلقات ہیں اور دونوں طویل عرصے سے ایک دوسرے کے ساتھ کام کرتے رہے ہیں۔ ان کے بقول فلیمنگ نے محض بات چیت کے دوران پوچھا کہ کیا وہ انگلینڈ کے بیٹنگ کوچ بننے کے بارے میں سوچیں گے۔

’’مسٹر کرکٹ‘‘ کے نام سے مشہور مائیک ہسی حال ہی میں دی ہنڈرڈ کی ٹیم ویلش فائر کے ساتھ کوچنگ کی ذمہ داریاں انجام دینے کے بعد وطن واپس پہنچے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس پیشکش پر ابھی باقاعدہ طور پر غور نہیں کر سکے، تاہم کوچنگ سے ان کی دلچسپی برقرار ہے اور وہ مختلف کھلاڑیوں کے ساتھ کام کرنا پسند کرتے ہیں۔

اگر ہسی انگلینڈ کی کوچنگ ٹیم کا حصہ بن جاتے ہیں تو آئندہ سال انگلینڈ میں ہونے والی ایشز سیریز کے دوران وہ اسٹیفن فلیمنگ کے ساتھ مل کر آسٹریلیا کے خلاف حکمت عملی تیار کرتے نظر آئیں گے۔

ہسی نے اعتراف کیا کہ اپنی سابقہ ٹیم آسٹریلیا کے خلاف انگلینڈ کے ساتھ کام کرنا ابتدا میں قدرے عجیب محسوس ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اس سے قبل 2022 کے ٹی20 ورلڈ کپ میں بھی انگلینڈ کے ساتھ کام کر چکے ہیں اور پہلی مرتبہ انگلینڈ کی ٹریننگ شرٹ پہننا ان کے لیے غیر معمولی تجربہ تھا۔

تاہم ان کا کہنا تھا کہ جب کھلاڑیوں کے ساتھ نیٹس میں کام شروع کیا جائے تو پھر توجہ صرف کھیل اور کھلاڑیوں پر مرکوز ہو جاتی ہے اور یہ احساس تقریباً ختم ہوجاتا ہے کہ کس ٹیم کی شرٹ پہن رکھی ہے۔

ہسی نے واضح کیا کہ فی الحال انہوں نے انگلینڈ کے بیٹنگ کوچ کی ذمہ داری قبول کرنے کا حتمی فیصلہ نہیں کیا اور وہ کچھ وقت آرام کرنے کے بعد اس معاملے پر غور کریں گے۔

اسٹیفن فلیمنگ کو جولائی کے آخر میں انگلینڈ کی ریڈ بال ٹیم کا نیا کوچ مقرر کیا گیا تھا۔ انہوں نے برینڈن میک کولم کی جگہ ذمہ داری سنبھالی، جو انگلینڈ کی وائٹ بال ٹیموں کے کوچ کی حیثیت سے بدستور فرائض انجام دے رہے ہیں۔

پاکستان