لیپ ٹاپ روزمرہ زندگی کا اہم حصہ بن چکا ہے، لیکن مسلسل استعمال کے باعث کی بورڈ پر گردوغبار اور کھانے پینے کے ذرات جمع ہونا معمول کی بات ہے۔ کی بورڈ کی صفائی ضروری ہے، تاہم غلط طریقہ اپنانا مہنگے لیپ ٹاپ کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق صفائی شروع کرنے سے پہلے لیپ ٹاپ کو مکمل طور پر بند کرنا اور چارجر نکالنا ضروری ہے۔ آن حالت میں صفائی کرنے سے غلطی سے کوئی کمانڈ چل سکتی ہے، جبکہ نمی اندر جانے کی صورت میں شارٹ سرکٹ کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔
کی بورڈ پر براہِ راست پانی یا اسپرے نہ کریں
کی بورڈ کے بٹنوں کے درمیان موجود باریک جگہوں سے پانی یا کلیننگ لکوئڈ اندر موجود حساس الیکٹرانک حصوں تک پہنچ سکتا ہے۔ اس لیے کسی بھی مائع کو براہِ راست کی بورڈ پر اسپرے کرنے سے گریز کریں۔
اگر کلیننگ لکوئڈ استعمال کرنا ضروری ہو تو اس کی تھوڑی مقدار مائیکروفائبر کپڑے پر لگائیں اور پھر کی بورڈ کی سطح کو آہستگی سے صاف کریں۔
لیپ ٹاپ کو زور سے نہ جھٹکیں
بٹنوں کے درمیان پھنسی گندگی نکالنے کے لیے لیپ ٹاپ کو الٹا کرکے زور سے ہلانا یا تھپتھپانا بھی نقصان دہ ہوسکتا ہے۔ اس سے کی بورڈ کے بٹن یا اندر موجود نازک پرزے متاثر ہوسکتے ہیں۔
اس کے بجائے لیپ ٹاپ کو قدرے ترچھا کرکے نرم برش سے گردوغبار نکالیں۔
سخت برش اور تیز کیمیکل سے بھی پرہیز
سخت برش کی بورڈ کی سطح پر خراشیں ڈال سکتا ہے جبکہ تیز کیمیکل بٹنوں پر درج حروف کو بھی دھندلا یا ختم کرسکتے ہیں۔ صفائی کے لیے نرم برسلز والے برش اور صاف مائیکروفائبر کپڑے کو ترجیح دی جانی چاہیے۔
کی بورڈ صاف کرنے کا محفوظ طریقہ
سب سے پہلے لیپ ٹاپ بند کرکے چارجر نکالیں۔ نرم برش سے بٹنوں کے درمیان موجود گردوغبار آہستگی سے صاف کریں۔ ضرورت پڑنے پر کمپریسڈ ایئر بھی استعمال کی جاسکتی ہے، تاہم اسے مناسب فاصلے سے احتیاط کے ساتھ استعمال کرنا چاہیے۔
خشک گندگی صاف ہونے کے بعد مائیکروفائبر کپڑے کو معمولی سا نم کرکے کی بورڈ کی سطح صاف کریں۔ کپڑا اتنا گیلا نہ ہو کہ پانی ٹپکنے لگے۔ صفائی مکمل ہونے کے بعد لیپ ٹاپ کو اچھی طرح خشک ہونے دیں اور پھر استعمال کریں











