کراچی: ایشین گیمز کے لیے نامزد قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان صاحبزادہ فرحان نے کہا ہے کہ پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتنا ٹیم کا بنیادی ہدف ہے، تمام کھلاڑی ایونٹ کے لیے تیار ہیں اور انہیں اپنی ٹیم پر مکمل اعتماد ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صاحبزادہ فرحان کا کہنا تھا کہ ایشین گیمز کے لیے جاپان کی کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے یہاں پچز تیار کی گئی تھیں اور اسی وجہ سے ٹیم نے مقامی سطح پر زیادہ پریکٹس کی۔ انہیں لگتا ہے کہ جاپان میں پریکٹس کے زیادہ مواقع نہیں ملیں گے، اس لیے کھلاڑیوں نے روانگی سے قبل بھرپور تیاری کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم کے تمام کھلاڑی تجربہ کار ہیں اور اچھی فارم میں ہیں۔ موسم اور کنڈیشنز کھلاڑیوں کے اختیار میں نہیں ہوتیں، اس لیے ہر کھلاڑی کو ہر طرح کی صورتحال کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ جاپان میں ابتدا میں بارش بھی ہوئی تھی، لہٰذا وہاں کی صورتحال کے مطابق خود کو ڈھالنا اہم ہوگا۔
کپتانی کا کوئی دباؤ نہیں، ٹیم کے لیے کھیلنے پر زور
صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ بطور کھلاڑی یا کپتان ان پر کوئی دباؤ نہیں، وہ میدان میں بھی اسی انداز سے کھیلیں گے جس طرح ہمیشہ کھیلتے آئے ہیں۔ ان کے مطابق کپتانی ان کے لیے اعزاز اور فخر کی بات ہے، تاہم یہ ذمہ داری آسان ہے یا مشکل، اس کا اندازہ ٹورنامنٹ کے بعد ہی ہوگا۔
قومی ٹیم کے کپتان نے بتایا کہ ایشین گیمز کے لیے ٹیم دو ماہ قبل تشکیل دی گئی تھی۔ تمام کھلاڑیوں کو پیغام دیا ہے کہ انفرادی کارکردگی کے بجائے ٹیم کے لیے کھیلیں اور ہر میچ کو اہم سمجھتے ہوئے جیتنے کی کوشش کریں۔
انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بھی کپتانی کا موقع ملا تو وہ اسے قبول کریں گے۔ ان کے بقول ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنا ان کی بڑی کامیابیوں میں سے ایک ہے، جبکہ میچز سے قبل پریکٹس کے ذریعے کنڈیشنز کو سمجھنے کا موقع بھی ملے گا۔


