سلمان خان کی یوٹیوب پر بھی دبنگ انٹری؛ ایک ہی گھنٹے میں ہزاروں سبسکرائبرز

بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان نے فلموں اور ٹی وی کے بعد اب یوٹیوب کی دنیا میں بھی قدم رکھ دیا ہے۔ اداکار نے جمعہ، 9 اکتوبر کو اپنا آفیشل یوٹیوب چینل متعارف کرایا، جس کا اعلان انہوں نے منفرد اور دلچسپ انداز میں کیا۔ سلمان خان کے اس نئے اقدام کے بعد مداحوں میں یہ جاننے کے لیے تجسس بڑھ گیا ہے کہ انہیں اپنے پسندیدہ اداکار کی جانب سے یہاں کیا کچھ دیکھنے کو ملے گا۔

سلمان خان نے انسٹاگرام اسٹوریز پر ایک مختصر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اپنے نئے چینل کے بارے میں بتایا۔ ویڈیو میں وہ انگریزی حروفِ تہجی سناتے ہوئے چینل کا تعارف کراتے دکھائی دیے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ شروع سے شروع کرتے ہیں، میرے آفیشل یوٹیوب چینل میں اے سے زیڈ تک سب کچھ یہاں ملے گا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق چینل لانچ ہونے کے تقریباً ایک گھنٹے کے اندر ہی اس کے سبسکرائبرز کی تعداد 14 ہزار سے تجاوز کر گئی تھی۔ سلمان خان نے اپنے چینل کے تعارف میں خود کو فلمی اداکار، فنکار، مصور اور انسان دوست شخصیت قرار دیا ہے۔

چینل پر ابتدا میں 10 مختصر ویڈیوز بھی موجود تھیں، تاہم اداکار نے ابھی تک یہ واضح نہیں کیا کہ مستقبل میں وہ کس نوعیت کا مواد شیئر کریں گے اور ویڈیوز اپ لوڈ کرنے کا معمول کیا ہوگا۔

مداحوں کو توقع ہے کہ سلمان خان اپنے یوٹیوب چینل پر فلموں کی شوٹنگ، فلمی سیٹس کے دلچسپ مناظر، ذاتی مصروفیات اور نئے منصوبوں سے متعلق ویڈیوز شیئر کر سکتے ہیں۔ تاہم یہ تفصیلات فی الحال قیاس آرائیوں تک محدود ہیں اور اداکار کی جانب سے باضابطہ اعلان سامنے آنا باقی ہے۔