آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کے ٹکٹس کے لیے دنیا بھر سے ریکارڈ دلچسپی سامنے آ گئی۔ ٹکٹ بیلٹ کھلنے کے صرف 12 روز میں 142 ممالک سے ایک کروڑ 50 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہو گئیں۔
آئی سی سی کے مطابق اب تک ٹکٹ بیلٹ کے لیے 44 لاکھ سے زائد رجسٹریشنز بھی مکمل ہو چکی ہیں، جبکہ گزشتہ ہفتے تک درخواستوں کی تعداد 10 لاکھ تھی، جو چند روز میں بڑھ کر ڈیڑھ کروڑ سے تجاوز کر گئی۔
کرکٹ ورلڈ کپ 2027 جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا میں کھیلا جائے گا۔ ایونٹ کا آغاز 2 اکتوبر کو نمیبیا کے شہر ونڈہوک میں تین ٹیموں کی سپر سیریز سے ہوگا۔
آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو سنجوگ گپتا کے مطابق ٹکٹس کی غیر معمولی طلب ورلڈ کپ کی عالمی مقبولیت اور افریقا میں ایونٹ کے انعقاد کے حوالے سے شائقین کے جوش و خروش کی عکاس ہے۔
ٹکٹ بیلٹ میں مفت رجسٹریشن 21 نومبر 2026 تک جاری رہے گی۔ ٹکٹس کی طلب دستیاب نشستوں سے زیادہ ہونے کی صورت میں قرعہ اندازی کے ذریعے کامیاب درخواست گزاروں کا انتخاب کیا جائے گا۔
کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کے فائنل کا انعقاد 21 نومبر کو جوہانسبرگ کے وانڈرز اسٹیڈیم میں شیڈول ہے۔


