جنوبی بھارتی سنیما کے سپر اسٹار رجنی کانت اور بالی وڈ کے معروف اداکار متھن چکرورتی فلم جیلر 2 میں ایک بار پھر ایک ساتھ نظر آئے ہیں۔ اس فلم میں رجنی کانت اپنے سابق کردار میں واپس آئیں گے، جبکہ متھن چکرورتی منفی کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے۔ تاہم، فلم کی شوٹنگ کے لیے رضامندی دینے سے پہلے متھن نے ایک ایسی شرط رکھی تھی، جس کا انکشاف خود رجنی کانت نے کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جیلر 2 کے سپر شو ایونٹ میں گفتگو کرتے ہوئے رجنی کانت نے بتایا کہ جب پروڈکشن ٹیم نے متھن چکرورتی کو فلم میں ولن کا کردار ادا کرنے کی پیشکش کی تو انہوں نے ابتدا میں انکار کر دیا تھا۔
رجنی کانت کے مطابق متھن نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے قریبی دوست رجنی کانت کے مقابل ولن کا کردار کیسے ادا کر سکتے ہیں۔ رجنی کانت ہیرو ہوں گے اور وہ ولن بنیں گے، تو کیا انہیں رجنی کانت سے مار کھانی پڑے گی؟ متھن نے واضح کیا کہ وہ ایسا کردار ادا نہیں کرنا چاہتے۔
رجنی کانت کے سامنے رکھی دلچسپ شرط
رجنی کانت نے بتایا کہ بعد میں ایک تقریب کے دوران ان کی متھن چکرورتی سے ملاقات ہوئی۔
اس دوران متھن نے رجنی کانت سے کہا کہ انہیں فلم ’جیلر 2‘ میں کام کرنے کی پیشکش کی گئی ہے اور اگر رجنی کانت کہیں تو وہ اس کے لیے تیار ہیں۔ رجنی کانت نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں فلم کرنے کی حوصلہ افزائی کی۔
لیکن متھن نے رضامندی دینے سے پہلے ایک شرط رکھ دی۔ ان کے مطابق رجنی کانت نہ تو انہیں ماریں گے اور نہ ہی ان پر گولی چلائیں گے۔
رجنی کانت نے بتایا کہ انہوں نے متھن سے کہا کہ وہ اس بارے میں فلم کے ہدایت کار سے بات کرکے جواب دیں گے۔ تاہم انہیں یقین تھا کہ متھن یہ بات مذاق میں کہہ رہے ہیں۔
رجنی کانت اور متھن چکرورتی نے پہلی مرتبہ 1989 کی فلم بھرسٹاچار میں ایک ساتھ کام کیا تھا۔ جس کے بعد دونوں اداکار 1997 کی فلم بھاگیہ دیوتا میں بھی نظر آئے، جس میں رجنی کانت نے خصوصی کردار ادا کیا تھا۔ اب جیلر 2 کے ذریعے دونوں اداکار ایک بار پھر اسکرین پر ساتھ ہیں۔


