ملتان: کراچی سے پشاور جانے والی رحمان بابا ایکسپریس کو ملتان کے قریب پیش آنے والے حادثے میں جاں بحق مسافروں کی تعداد پانچ ہوگئی ہے، جبکہ 36 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ حادثے کے بعد نشتر اسپتال ملتان میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور جائے وقوعہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ منگل کی صبح تقریباً چھ بجے ملتان کے علاقے شیر شاہ کے قریب پیش آیا، جہاں رحمان بابا ایکسپریس کی بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ٹرین میں 500 سے 600 مسافر سوار تھے، جبکہ حادثے کے بعد دھماکے جیسی آواز سنائی دینے کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔
حادثے کے فوری بعد ریسکیو ٹیموں نے امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے نشتر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ایمرجنسی نافذ کرکے علاج معالجے کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق حادثے میں پانچ مسافر جاں بحق اور 36 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
ریسکیو 1122 کے مطابق زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ دو افراد کو جائے حادثہ پر ہی طبی امداد دی گئی۔ جاں بحق افراد کی لاشیں بھی اسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔
حادثے کے نتیجے میں رحمان بابا ایکسپریس کی تمام 14 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئی تھیں، جس کے باعث امدادی کارروائیوں اور ریلوے ٹریفک کی بحالی میں مشکلات پیش آئیں۔
ٹرین کی بوگی نمبر 9 میں خرابی کی نشاندہی ہوئی تھی، جسے روہڑی کے قریب چیک کیا گیا تھا۔ تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا کہ آیا اس خرابی کا ملتان کے قریب پیش آنے والے حادثے سے کوئی براہ راست تعلق تھا۔ حادثے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
حادثے کے باعث ریلوے ٹریک پر بوگیاں پٹڑی سے اترنے کے نتیجے میں ٹرینوں کی آمدورفت متاثر ہوئی ہے۔ ریلوے حکام کے مطابق ٹرینوں کو ملتان کے بجائے لودھراں سے خانیوال کے راستے گزارا جا رہا ہے تاکہ دیگر ٹرینوں کی نقل و حرکت جاری رکھی جاسکے۔
وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے رحمان بابا ایکسپریس حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو زخمیوں کے علاج معالجے کے لیے بہترین طبی سہولیات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ انھوں نے جاں بحق اور زخمی مسافروں کو ریلوے انشورنس پالیسی کے مطابق معاوضہ دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بھی رحمان بابا ایکسپریس حادثے پر تشویش کا اظہار کیا اور جاں بحق مسافروں کے اہلخانہ سے دلی تعزیت کی۔ انھوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔


