اہم ترین

یوٹیوب میں نیا شیئرنگ فیچر! اب ایپ سے ہی شیئر اور چیٹ کریں

یوٹیوب اپنے کروڑوں صارفین کے لیے وہ فیچر لانے جا رہا ہے جس کا انتظار طویل عرصے سے کیا جا رہا تھا۔ رپورٹ کے مطابق جلد ہی یوٹیوب ایپ کے اندر ہی ویڈیو شیئرنگ کا نیا آپشن شامل کیا جائے گا، جس سے صارفین کو نہ تو تھرڈ پارٹی ایپس کا سہارا لینا پڑے گا اور نہ ہی لنک کو کاپی پیسٹ کرنے کی جھنجھٹ میں پڑنا ہوگا۔

ٹیک کرنچ کے مطابق گوگل اس وقت ایسے فیچر کی ٹیسٹنگ کر رہا ہے جس کے ذریعے صارفین یوٹیوب ایپ کے اندر سے ہی ویڈیو شیئر کر سکیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ کمپنی ایپ کے اندر چیٹ کا فیچر بھی شامل کرنے جا رہی ہے، جس کے ذریعے صارفین اپنے دوستوں سے براہِ راست یوٹیوب پر ہی گفتگو کر سکیں گے۔

فی الحال یہ فیچر چند ممالک میں ٹیسٹنگ کے مرحلے میں ہے۔ ابھی تک یہ آپشن آئرلینڈ اور پولینڈ میں موجود 18 سال یا اس سے زیادہ عمر کے صارفین کو دیا گیا ہے۔ ٹیسٹ گروپ میں شامل افراد ویڈیو شیئر کرنے کے لیے نوٹیفکیشن بیل پر ٹیپ کرکے شیئر کا آپشن منتخب کریں گے، جس کے بعد ایک انوائٹ لنک تیار ہوگا۔ صارف اس لنک کو دوست کو بھیجے گا اور جیسے ہی دوسرا شخص انوائٹ قبول کرے گا، صارف کو نوٹیفکیشن موصول ہو جائے گا۔

اب تک ویڈیو شیئرنگ کے لیے صارفین واٹس ایپ، ٹیلی گرام یا دیگر تھرڈ پارٹی ایپس کا استعمال کرتے رہے ہیں، مگر نئے فیچر کے بعد یہ تمام جھنجھٹ ختم ہو جائے گی۔ موبائل ایپ میں شامل ہونے والا یہ فیچر یوٹیوب کے اندر ہی شیئرنگ اور چیٹنگ دونوں کی سہولت فراہم کرے گا۔

گوگل کا کہنا ہے کہ ٹیسٹنگ مکمل ہونے کے بعد توقع ہے کہ یہ فیچر دنیا کے کئی ممالک میں جلد متعارف کرا دیا جائے گا۔

پاکستان