اہم ترین

ہربھجن سنگھ کا شاہنواز دھانی سے مصافحہ: سوشل میڈیا پر میمز کی بہار

متحدہ عرب امارات میں جاری ٹی10 لیگ میں بدھ کے دن ایک ایسا ’’کمال‘‘ ہوا جس نے شائقین کو آنکھیں ملنے پر مجبور کر دیا۔ اسپن اسٹالیئنز اور ناردرن واریئرز کے میچ کے دوران سابق بھارتی اسپنر ہربھجن سنگھ اچانک پاکستانی فاسٹ بولر شاہنواز دھانی سے مصافحہ کرتے نظر آئے۔۔

وہی ہربھجن، جنہوں نے مئی سے اب تک پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے کو گویا قومی سلامتی کا مسئلہ بنا رکھا تھا، آج دھانی کے سامنے پہنچے تو نہ صرف ہاتھ بڑھایا بلکہ مسکرائے بھی۔ شائقین نے فوراً ہی اسے سال کی سب سے بڑی ڈپلومیسی بریک تھرو قرار دے دیا۔

شاہنواز دھانی نے دو اوورز میں صرف 10 رنز دیے، شاید اتنے خوش اپنی بولنگ سے نہ ہوں جتنے خوش ہربھجن کی اس نایاب مسکراہٹ سے تھے۔ دونوں کی یہ چند سیکنڈز کی ملاقات سوشل میڈیا پر ایسے چھا گئی جیسے کسی نے پاک بھارت تعلقات کا ری سیٹ بٹن دبا دیا ہو۔

کچھ ماہ پہلے ایشیا کپ کے دوران بھارتی کھلاڑیوں نے پاکستانیوں سے ہاتھ ملانے سے ایسے گریز کیا جیسے وائرس پھیل رہا ہو۔ خود ہربھجن نے بھی ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں پاکستان کے خلاف کھیلنے سے صاف انکار کر دیا تھا اور بھارت نے سیمی فائنل تک ہاتھ کھڑے کر دیے تھے۔مگر بدھ کے روز منظر بدل چکا تھا۔

شاید ٹی10 کی ہوا بدلتی ہے، یا شاید دھانی کی مسکراہٹ میں کوئی جادو ہے ۔ بہرحال، ہربھجن کا ہاتھ آخرکار ’کامیابی‘ کے ساتھ پاکستانی کھلاڑی تک پہنچ ہی گیا۔

سوشل میڈیا صارفین اس تاریخی مصافحے پر ہربھجن سنگھ کے دوغلے پن پر خوب میمز بنارہے ہیں۔

پاکستان