وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کہتے ہیں کہ پاک بھارت جنگ کے دوران ہمیں غیبی مدد حاصل تھی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان نے جب بھارت کی طرف میزائل فائر کیے ان میں ایک میزائل میں فائر کرتے وقت فرق آگیا، ہمیں پریشانی ہوئی کہ یہ میزائل تو آبادی پر گر جائے گا، اللّٰہ کی طرف سے مدد آئی وہی میزائل بھارت کے سب سے بڑے آئل ڈپو پر لگا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ بھارت نے ایک بیس پر تقریباً 11 میزائل فائر کیے۔ وہاں ہمارے 9 یا 11 طیارے تھے، ایک میزائل بیس کے آگے گرا اور ایک پیچھے گرا، کوئی میزائل اندر نہیں گرا، یہ دو مثالیں غیبی مدد کو بالکل ثابت کرتی ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ بھارت سے جنگ میں کامیابی کے بعد اللّٰہ نے جو عزت دی اس کی وجہ سے مثالی یوم آزادی منایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی کامیابی اور سیز فائر میں وزیراعظم شہباز شریف کا بڑا کردار ہے اور اس کے پیچھے بھی وردی ہے، جس طرح عالمی رہنماؤں کو قائل کیا گیا ہے اور جس طرح یہ معاملہ انجام کو پہنچا ہے، اس میں ہمارے رہنماؤں کا کردار ہے۔











