سعودی عرب کی کابینہ نے غیرملکیوں کو جائیداد کی ملکیت دینے کے قانون کی منظوری دے دی۔
سعودی عرب کے سرکاری میڈیا کے مطابق ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زیرصدارت جدہ میں ہونے والے کابینہ اجلاس میں کئی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ جس میں غیر ملکیوں کو جائیداد کی ملکیت کے حق سے متعلق قانون تھا۔
سعودی کابینہ نے اجلاس کے دوران غیر سعودیوں کو ملک میں جائیداد کی ملکیت کا حق دینے کے نئے قانون کی منظوری دے دی۔
کابینہ نے بچوں کے تحفظ کے لیے سعودی عرب کی پیش کردہ قرارداد کو اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں متفقہ منظوری پر بھرپور انداز میں سراہا۔ یہ قرارداد “سائبر اسپیس میں بچوں کے تحفظ” کے لیے ولی عہد کی عالمی مہم کا تسلسل ہے، جو ایک محفوظ اور جامع ڈیجیٹل ماحول فراہم کرنے کی عملی کوششوں کی عکاس ہے۔
اجلاس کے بعد سعودی وزیر اطلاعات کے قائم مقام، ڈاکٹر عصام بن سعید نے بتایا کہ کابینہ نے عالمی معیشت کے استحکام اور ترقی کے لیے سعودی عرب کی کوششوں پر بھی گفتگو کی، جن میں “اوپیک پلس” کے رکن ممالک سے تعاون اور ہم آہنگی جاری رکھنا شامل ہے تاکہ تیل منڈیوں میں توازن برقرار رکھا جا سکے۔