گزشتہ چند دنوں سے سوشل میڈیا پر ایک حیران کن مگر دل کو لبھانے والا ٹرینڈ دھوم مچائے ہوئے ہے۔ مختلف ویڈیوز میں لوگ ایک بڑی کیپسول نما مشین کے اندر اپنا سر ڈال رہے ہوتے ہیں اور چند ہی سیکنڈ میں وہ ایک بالکل نیا، شارپ اور اسٹائلش ہیئر کٹ لے کر باہر آ جاتے ہیں۔ ویڈیوز اتنی حقیقی نظر آتی ہیں کہ لوگ حیران رہ گئے ہیں کہ آخر یہ کون سی ہائی ٹیک ٹیکنالوجی ہے جو بغیر کسی انسان، بغیر کسی کینچی یا ہاتھ کے اتنا پرفیکٹ ہیئر اسٹائل بنا دیتی ہے؟
ایکس، فیس بک، انسٹاگرام اور ٹک ٹاک پر وائرل یہ ویڈیوز دیکھ کر کئی لوگ سمجھ بیٹھے کہ شاید واقعی مستقبل کی روبوٹک باربر مشین مارکیٹ میں آ گئی ہے۔ کچھ افراد نے تو اسے ’’فائنل ڈیسٹی نیشن‘‘ جیسا ڈراؤنا گیجٹ قرار دے دیا، جبکہ ٹیک ماہرین اس کو اے آئی کی دھوکا دینے والی صلاحیت کا نیا نمونہ کہہ رہے ہیں۔
AI-generated futuristic "AI haircut machines" in Dubai !!
— Shrini (@srinivaskovai) November 15, 2025
These are fictional, created with tools like InVideo AI for entertainment !!#viralvideo #Haircut #Dubai
pic.twitter.com/g7gdd8FetJ
ماہرین کے مطابق فی الحال دنیا میں ایسی کوئی مشین موجود نہیں جو انسان کے سر کو کیپسول میں ڈال کر سیکنڈوں میں ہیئر کٹ کر دے۔ نہ اس کا کوئی عملی ماڈل ہے اور نہ ہی کوئی پروٹوٹائپ۔ زیادہ تر وائرل کلپس اےآئی، 3 ڈی ماڈلنگ، اور ویڈیو کمپوزٹنگ کا شاندار امتزاج ہیں۔
کری ایٹرز پہلے ایک ورچوئل مشین کا ماڈل ویڈیو میں شامل کرتے ہیں، پھر جدید اے آئی ٹولز کی مدد سے بالوں کے ٹیکچر، شیڈوز اور اسٹائل کو اس طرح تبدیل کرتے ہیں کہ ٹرانزیشن بالکل قدرتی لگے۔
فیس ٹریکنگ، موشن میچنگ اور اسمارٹ رینڈرنگ اس فیک ویڈیو کو اتنا حقیقی بنا دیتی ہیں کہ عام نظر رکھنے والا شخص حقیقت اور تخیل میں فرق نہیں کر پاتا۔
یعنی سوشل میڈیا پر وائرل یہ جادوئی ہیئر کٹ مشین حقیقت نہیں بلکہ اے آئی کے کمال کی ایک متاثرکن مثال ہے۔ بھلا مستقبل میں کیا ہو، یہ تو وقت ہی بتائے گا، لیکن ابھی کے لیے یہ صرف آنکھوں کا دھوکا ہے!











