اہم ترین

ایلون مسک نے جی میل کی ٹکر میں ایکس میل کا اعلان کردیا

دنیا کے امیر ترین شخص اور مائیکرو بلاگنگ ویب سائیٹ ایک کے مالک ایلون مسک نے اب گوگل کی جی میل کے ٹکر میں ایکس میل سروس کا اعلان کردیا ہے۔۔

آپ ای میل کے لیے کون سا پلیٹ فارم استعمال کرتے ہیں؟ اس سوال کے جواب کے لیے گوگل کی جی میل سروس کا نام زیادہ تر لوگوں کے ذہن میں آیا ہوگا، کیونکہ جی میل دنیا کی مقبول ترین ای میل سروس ہے۔ تاہم اب دنیا کا مقبول ترین مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) ای میل سروس کے معاملے میں گوگل سے مقابلہ کرنے جا رہا ہے۔

جی میل سے مقابلہ کرنے کے لیے ایکس اپنی ای میل سروس Xmail شروع کرنے جا رہا ہے۔ ایکس کی ای میل سروس کے بارے میں گزشتہ کئی ہفتوں سے خبریں گرم تھیں لیکن اب ایکس کے مالک ایلون مسک نے خود اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ایکس کی ای میل سروس جلد شروع ہونے والی ہے۔

اب تک صارفین دنیا کی سب سے بڑی ای میل سروس جی میل کا کوئی اچھا متبادل تلاش نہیں کر پا رہے تھے لیکن اب شاید ایکس دنیا بھر کے صارفین کے اس خلا کو پر کر سکتا ہے۔

ایلون مسک نے اپنے آفیشل اکاؤنٹ سے جواب دیا اور لکھا کہ ’’آ رہا ہے‘‘۔ ایلون مسک کے اس جواب کے ساتھ انہوں نے باضابطہ طور پر XMail کے جلد ہی لانچ ہونے کی تصدیق کی ہے۔ اب یہ دیکھنا باقی ہے کہ ایکس کی ای میل سروس کیسی ہوگی، کیونکہ ہم نے ایکس کی مائیکرو بلاگنگ سروس میں بہت سی پیڈ سروسز دیکھی ہیں۔ ایسی صورتحال میں یہ دیکھنا بہت دلچسپ ہوگا کہ آیا ای میل سروس میں بھی کوئی معاوضے کے ساتھ سروس ہوگی یا نہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ کچھ دنوں سے سوشل میڈیا پر ایک خبر بہت تیزی سے پھیل رہی ہے جس میں کہا جا رہا ہے کہ گوگل کی جی میل سروس اگلے سال سے بند ہونے جا رہی ہے۔ اس خبر کے پھیلنے کے بعد ہی ایکس نے اپنی ای میل سروس کا اعلان کیا۔ تاہم گوگل نے اپنی جی میل سروس کی بندش کو افواہ قرار دے دیا۔ جی میل کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ کے ذریعے ایک پوسٹ میں، گوگل نے تصدیق کی کہ جی میل سروس فعال رہے گی۔

پاکستان