اہم ترین

غزہ میں اسرائیلی بمباری سے مزید 55 فلسطینی شہید

غزہ میں نہتے اور بے گناہ فلسطینیوں پر اسرائیلی بمباری کا سلسلہ جاری ہے۔ مقبوضہ خطے کے مختلف علاقوں مٰں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 55 افراد کو شہید کیا گیا ہے۔

الجزیرہ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی طیاروں نے جمعے کو دیر البلاح، نصیرات کیمپ اور الزاویدہ کے علاقوں کو نشانہ بنایا۔

وسطی غزہ کی پٹی میں نصیرات پناہ گزین کیمپ میں بے گھر لوگوں کی پناہ گاہ بننے والے اسکول کے داخلی راستے پر بمباری سے کم از کم 10 فلسطینی شہید ہوگئے۔

جبالیہ میں بھی کئی افراد شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔ تاہم اسرائیل نے جام شہادت نوش کرنے والوں کو مسلح دہشتگرد قرار دیا ہے۔

جنوبی غزہ کی پٹی میں خان یونس کے مغربی علاقے المواسی میں ایک گاڑی پر اسرائیلی حملے میں کم از کم تین افراد شہید اور کچھ زخمی ہو گئے ہیں۔

دیر البلاح میں اسرائیل فورسز نے 3 مکانات کو نشانہ بنایا ، جس سے 25 افراد شہید ہوگئے۔ جام شہادت نوش کرنے والوں میں 5 ماہ کا ایک بچہ بھی شامل ہے جو نشانہ بنتے وقت اپنی دادی کے پاس تھا۔

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ برس 7 اکتوبر کے بعد سے شروع ہوبے والی بربریت کے نتیجے میں کم از کم 43 ہزار 259 افراد شہید جب کہ ایک لاکھ دو ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔

پاکستان