سعودی حکومت نے عازمین حج کی کراچی اور اسلام آباد ایرپورٹس پر امیگریشن سہولت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
سعودی حکومت نے روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت پاکستانی عازمین حج کی پاکستان میں ہی امیگریشن سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کراچی اور اسلام آباد ایرپورٹس پر حجاج کی سعودی حکام امیگریشن کریں گے۔ پاکستان میں امیگریشن کے بعد عازمین حج کی سعودی عرب میں امیگریشن نہیں ہوگی۔
اس سلسلے میں پاکستان میں سعودی عرب کے سفارت خانے کی جانب سے پاکستان سول ایوی ایشن اور ایئرپورٹس اتھارٹی کو مراسلہ بھجوایا گیا ہے۔
جس میں کہا گیا ہے کہ کراچی اور اسلام آباد ایرپورٹس پر حجاج کی امیگریشن کے لیے جگہ مختص کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ سعودی حکام سے رابطہ اور کو آرڈینیشن کے لیے رابطہ کار افسران مقرر کیے جائیں۔ سعودی امیگریشن حکام کو فوری ویزا جاری کئے جائیں۔
سعودی سفارت خانےنے اپنے مراسلے میں امیگریشن کے معاملات پاکستان ہی میں مکمل کرنے کے لئے سعودی عرب سے لائے گئے سامان کو ٹیکس اور ڈیوٹی سے استثنیٰ کی درخواست بھی کی ہے۔
رواں برس سعودی حکومت نے پاکستان کے لئے حج کوٹہ ایک لاکھ 79 ہزار 210 عازمین مقرر کیا ہے۔ سرکاری حج اسکیم کے لیے روایتی پیکج 38 تا 42 دن اور شارٹ پیکیج 20 تا 25 دن پر محیط ہو گا۔











