لاہور ایئر پورٹ پر نجی ایئر لائن ایئر سیال کا مسافر کراچی کی پرواز کی بجائے جدہ کی پرواز میں بیٹھ گیا اور سعودی عرب پہنچ گیا۔
ایف آئی اے امیگریشن کو بھی ڈومیسٹک مسافر کے انٹرنیشنل فلائٹ میں بیٹھ جانے کا علم نہیں ہوا۔ ایرلائن کے عملے نے بھی مسافر کے بورڈنگ کارڈ پر فلائٹ کا سیکٹر نہیں دیکھا صرف سیٹ نمبر دیکھ کر نشست پر بیٹھا دیا۔
مسافر نے دو گھنٹے سفر کے بعد ایر ہوسٹس سے پوچھا کہ کراچی کب آئے گا، تب عملے کو علم ہوا کہ کراچی کا مسافر جدہ کی پرواز میں بیٹھا ہے۔
مسافر کے مطابق جدہ ایئر پورٹ پر سعودی امیگریشن حکام نے کچھ دیر حراست میں رکھ کر تفتیش کی۔ صورتحال کی وضاحت کے بعد ڈی پورٹ کرکے واپس لاہور بھیج دیا گیا۔
مسافر نے کہا نجی ایئر لائن کراچی کا ٹکٹ دوبارہ خرید نے کا کہہ رہی ہے۔ ایئرپورٹ اتھارٹی مداخلت کرے۔غلطی میری نہیں، ایئر لائن مجھے دوبارہ کراچی کا ٹکٹ دے اور کراچی پہنچائے۔
ایئر لائن کے مطابق مسافر کی پرواز کا طیارہ تبدیل ہو جانا غلط فہمی کی بنا پر ہوا۔ لاہور ایرپورٹ پر تعمیراتی کام چل رہا ہے۔ رات دس بجے انٹرنیشنل لاونچ کے تین برج بند ہو جاتے ہیں۔ رات دس بجے سے انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک پروازیں ڈومیسٹک لاونچ سے ہی آپریٹ ہو رہی ہیں۔
ایئر لائن انتظامیہ نے کہا 8 جولائی کو رات دس بجے لاہور ایرپورٹ پر کراچی اور جدہ کی پروازیں ایک ہی وقت آپریٹ ہو رہی تھیں۔ طیارہ کی جانب جانے کا شروع میں ایک ہی راستہ ہے جو آگے جا کر ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل فلائٹ میں تقسیم ہوتا ہے۔ مسافر غلطی سے ڈومیسٹک فلائٹ کی بجائے انٹرنیشنل فلائٹ کی طرف چلا گیا۔