اہم ترین

بلڈمون: 7 اور 8 ستمبر کی درمیانی رات چاند ہوجائے گا لال اور تانبےکے رنگ کا ۔۔۔

ستمبر کا مہینہ فلکیاتی معاملات پر نظر رکھنے والوں کے لیے یادگار بننے والا ہے۔ آنے والے ہفتوں میں آسمان پر ایک ایسا منظر دکھائی دے گا، جسے دیکھنے کے لیے لوگ سالوں انتظار کرتے ہیں۔

دراصل، 7 اور 8 ستمبر کی رات کو ہونے والا مکمل چاند گرہن چاند کو خاص انداز میں رنگ دے گا۔ اس رات تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک پورا چاند سرخ اورنارنجی رنگوں میں چمکتا نظر آئے گا، جسے عام بول چال میں ‘بلڈ مون’ کہا جاتا ہے۔

یہ گرہن خاص اس لیے بھی ہے کیونکہ یہ حالیہ چندبرسوں کا سب سے طویل چاند گرہن ہوگا۔ پاکستان سمیت یہ ایشیا، آسٹریلیا، افریقا اور یورپ کے کئی حصوں میں آسمان صاف ہونے کی صورت میں ننگی آنکھ سے دیکھا جا سکے گا۔

پاکستان میں چاند گرہن کی شروعات 7 ستمبر کی رات 8 بجکر 28 بجے ہوگی اور یہ 8 ستمبر صبح ایک بج کر55 منٹ تک جاری رہے گا۔ چاند سب سے زیادہ سرخ اور خوبصورت رات ساڑھے 10سے 12بجے تک رہے گا ۔ کم وبیش 82 منٹ تک چاند کا بدلتا رنگ روپ کسی تحفے سے کم نہیں ہوگا۔

چاند لال کیوں ہو جاتا ہے؟

جب زمین سورج اور چاند کے درمیان آ جاتی ہے، تو اس کا سایہ سیدھا چاند پر پڑتا ہے۔ لیکن پوری طرح اندھیرا ہونے کے بجائے چاند لالی لیے چمک اٹھتا ہے۔

زمین کا ماحول چھوٹی نیلی لہروں کو تو روک دیتا ہے، لیکن لمبی لالی اور نارنجی لہریں مڑ کر چاند تک پہنچ جاتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ چاند اس دوران تانبے جیسا لال یا کبھی کبھار گہرا سرخ نظر آتا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس دوران چاند کا رنگ ہر جگہ ایک جیسا نہیں ہوتا۔ ہوا میں گرد، بادل یا دھوئیں کی موجودگی سے اس کارنگ مختلف نظر آسکتا ہے۔

پاکستان