اداکارہ ماہرہ خان نے کراچی سے اپنی بے انتہا محبت اور اس کی حالت زار پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
انسٹاگرام پر ماہرہ خان نے کراچی کی معروف فوڈ اسٹریٹ برنس روڈ کی ایک عمارت کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ کبھی کبھی میں اپنی شہر پر حیران ہوتی ہوں۔ میں اسے اپنی خوش قسمت سمجھتی ہوں کہ کام کی وجہ سے وہ ایسی جگہوں پر جاتی ہیں جہاں میں شاید کبھی نہ گئی ہوتی۔
انہوں نے کہا کہ گلیاں اور چھوٹی چھوٹی بستیاں جو میں نے کبھی نہیں دیکھی تھیں۔ پریشانیاں ہم سب کو ہیں لیکن میں نے ایسے لوگوں کو بھی دیکھا ہے جو ہمیشہ تکلیف میں رہے ہیں، جن گھروں میں گھنٹوں بجلی نہیں ہوتی، ہر روز کھانے کے لیے جدو جہد کرنی پڑتی ہے ۔۔ کچرا کئی کئی دنوں تک اٹھتا ہی نہیں۔
ماہرہ خان نے کہا کہ اس شہر میں امیر اور غریب کے درمیان فرق بہت بڑا ہے۔ لیکن میں نے یہ بھی دیکھا کہ بچے ہنس رہے ہیں، بچے اسکول سے واپس آ رہے ہیں، ایک ماں اپنے بیٹے کے لیے تازہ پراٹھے بنا رہی ہے جو روزی کمانے نکلتا ہے۔ میں نے ایک گلی دیکھی جہاں ایک مندر، چرچ اور ایک مسجد ایک دیوار کے ساتھ تھے۔ میں نے مسکراہٹیں دیکھی جن میں غم تھا، پھر بھی امید تھی۔
اداکارہ نے کہا کہ کراچی میں تم سے محبت کرتی ہوں۔ لیکن مجھے افسوس ہے کہ ہم تمہاری اس طرح دیکھ بھال نہیں کر سکے جیسے تم ہماری کرتے ہو۔











