اہم ترین

گوگل کا “ریکوری کانٹیکٹ” فیچر : پاس ورڈ بھولنے یا فون گم ہونے پر اکاؤنٹ کی بحالی آسان

گوگل نے اپنے صارفین کے لیے اکاؤنٹ سیکیورٹی کو مزید بہتر بنانے کے لیے ایک نیا اور انوکھا فیچر متعارف کرایا ہے، جس کا نام “ریکوری کانٹیکٹ” رکھا گیا ہے۔ یہ فیچر ان افراد کے لیے خاص طور پر مفید ہے جو پاسورڈ بھول جاتے ہیں یا جن کا فون کھو جاتا ہے۔

کیا ہے ریکوری کانٹیکٹ فیچر؟

اس نئے فیچر کے تحت گوگل اکاؤنٹ کے مالک کو یہ سہولت دی گئی ہے کہ وہ اپنے کسی قریبی دوست، رشتہ دار یا قابلِ اعتماد شخص کو اپنے اکاؤنٹ میں ریکوری کانٹیکٹ کے طور پر شامل کر سکے۔ اگر کسی بھی وجہ سے صارف اپنے اکاؤنٹ تک رسائی سے محروم ہو جائے، تو گوگل اس مخصوص کانٹیکٹ کو ایک یونیک سیکیورٹی کوڈ بھیجے گا۔

یہ کوڈ صرف 15 منٹ کے لیے کارآمد ہوگا، اور اس کی مدد سے صارف اپنی شناخت کی تصدیق کر کے اکاؤنٹ دوبارہ حاصل کر سکے گا۔

ریکوری کانٹیکٹ کیسے شامل کریں؟

صارفین یہ فیچر گوگل اکاؤنٹ کی “سیکیورٹی سیٹنگز” میں جاکر استعمال کر سکتے ہیں: اس کے لئے گوگل اکاؤنٹ کی سیٹنگ کھولیں۔ سیکیورٹی ٹیب میں جائیں۔۔ ریکوری آپشن میں ایڈ ریکوری کانٹیکٹ پر کلک کریں ۔۔ جس شخص کو منتخب کرنا ہو، اسے انوائٹ بھیجیں ۔ دعوت قبول ہونے کے بعد وہ شخص ریکوری کانٹیکٹ میں شامل ہو جائے گا ۔۔

گوگل کے مطابق، ایک صارف زیادہ سے زیادہ 10 افراد کو ریکوری کانٹیکٹ کے طور پر شامل کر سکتا ہے۔ تاہم، اگر کسی کانٹیکٹ کی مدد سے اکاؤنٹ ریکور کیا جائے تو اگلے 7 دن تک اُسے دوبارہ شامل نہیں کیا جا سکتا۔

سیکیورٹی میں نیا قدم

ابھی تک گوگل اکاؤنٹس کی بازیابی کے لیے ریکوری ای میل اور فون نمبر کا سہارا لیا جاتا تھا، مگر ان میں سیکیورٹی خدشات – جیسے سم سوئاپنگ اور فشنگ – شامل ہوتے ہیں۔ اب چونکہ ایک حقیقی انسان اس عمل کا حصہ ہوگا، تو سیکیورٹی کا معیار مزید بہتر اور بھروسے مند ہو جائے گا۔

کب دستیاب ہوگا یہ فیچر؟

گوگل نے اعلان کیا ہے کہ یہ نیا فیچر آئندہ چند ہفتوں میں تمام صارفین کے لیے مرحلہ وار جاری کر دیا جائے گا، اور یہ تمام اینڈرائیڈ صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔

پاکستان