ممبئی: بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار دھرمیندر کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہوں نے مداحوں کو پریشان کردیا ہے۔ مختلف بھارتی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ 89 سالہ دھرمیندر کا انتقال ہوگیا ہے، تاہم ان کی صاحبزادی اور اداکارہ ایشا دیول نے 11 نومبر کو سوشل میڈیا پر وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے والد حیات ہیں اور ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں وینٹی لیٹر پر زیرِ علاج ہیں۔
دھرمیندر کی خراب صحت کی اطلاع کے بعد اسپتال کے باہر مقامی میڈیا اور فوٹوگرافرز کی بڑی تعداد موجود ہے، جبکہ گزشتہ رات سلمان خان، شاہ رخ خان، سنی دیول اور بوبی دیول سمیت کئی معروف اداکار انہیں دیکھنے اسپتال پہنچے۔ دوسری جانب ان کی اہلیہ اور اداکارہ ہیما مالنی نے مداحوں سے دھرمیندر کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اپیل کی۔
دھرمیندر، جنہیں ہندی سینما کا “ہی مین” کہا جاتا ہے، نے اپنے کیریئر میں رومانس، ایکشن اور کامیڈی کے امتزاج سے منفرد پہچان بنائی۔ 1935 میں پنجاب کے ساہنیوال میں پیدا ہونے والے دھرمیندر نے 1950 کی دہائی کے اواخر میں فلمی دنیا میں قدم رکھا اور “پھول اور پتھر” (1966) سے شہرت حاصل کی۔ ان کی مسکراہٹ، رومانوی انداز اور باوقار شخصیت نے انہیں مداحوں کے دلوں میں ہمیشہ کے لیے بسا دیا۔
ان کی مشہور فلموں میں “شعلے”، “چپکے چپکے”، “ستیاکام”، “سیما اور گیتا”، “ڈریم گرل” اور “راجا جانی” شامل ہیں، جنہوں نے انہیں بھارتی فلم انڈسٹری کا ایک لازوال ستارہ بنا دیا۔
دھرمیندر کی موجودہ صحت کے حوالے سے ان کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ عمر رسیدگی سے متعلق پیچیدگیوں میں مبتلا ہیں، تاہم ڈاکٹروں کی ٹیم ان کی حالت پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔ مداحوں نے سوشل میڈیا پر ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعاؤں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔










