بالی ووڈ کے دبنگ اسٹار سلمان خان کا فارم ہاؤس ہمیشہ خبروں کی زینت بنا رہتا ہے، اور اب اس کے راز سے پردہ اٹھایا ہے بگ باس فیم اداکارہ شہناز گل نے
شہناز گل، جو حال ہی میں اپنی فلم اک کُڑی کی پروموشن کے لیے ایک پوڈکاسٹ شو میں شریک ہوئیں، نے انکشاف کیا کہ وہ سلمان خان کی فارم ہاؤس پارٹی کا حصہ رہ چکی ہیں۔ ان کے مطابق، وہاں ہر کوئی بس بھائی جان کے انتظار میں رہتا ہے اور جب وہ آتے ہیں تو ماحول یکدم بدل جاتا ہے۔
شہناز نے بتایا کہ وہ کسی کا بھائی کسی کی جان کی شوٹنگ کے دوران پنويل میں واقع سلمان خان کے مشہور عربیتا فارم پر دو دن قیام پذیر رہیں۔ ان کے بقول، وہاں خوب مزے کیے، سلمان خان خود سب کو بیریاں توڑ کر کھلاتے تھے۔
اداکارہ نے ہنستے ہوئے کہا کہ سلمان سر بہت دیسی ہیں، وہ کسانوں کی طرح کام کرتے ہیں۔ پارٹی میں وہ صرف ایکشن، فلموں اور ورک آؤٹ کی بات کرتے ہیں۔ وہ فارم ہاؤس میں جم کرتے ہیں، اور باقی سب ان کا انتظار کرتے رہتے ہیں!
یاد رہے کہ سلمان خان کا فارم ہاؤس تقریباً 150 ایکڑ پر پھیلا ہوا ہے، جہاں ان کی کئی فلموں کی شوٹنگ بھی ہو چکی ہے۔ کچھ سوشل میڈیا صارفین نے اسے عیش و عشرت کا اڈہ بھی کہا تھا، لیکن خود سلمان خان نے ایک شو میں ہنستے ہوئے کہا تھا کہ وہاں وہ صرف خود کو ری چارج کرنے جاتے ہیں۔
شہناز گل کو سلمان نے اپنی فلم میں موقع دیا۔ بگ باس میں سلمان کے سپورٹ اور محبت نے شہناز کو نئی پہچان دی، اور اب ان کے انکشافات نے بھائی جان کے فارم ہاؤس کو ایک بار پھر سرخیوں میں لا کھڑا کیا ہے۔










