اہم ترین

مشکوک پیغامات اور دھوکہ دہی سے ہوشیار : واٹس ایپ نے خبردار کردیا

واٹس ایپ نے صارفین کو جعلی پیغامات، اسپیم اور آن لائن فراڈ سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایپ پر محفوظ رابطے کا ماحول قائم رکھنا اس کی اولین ترجیح ہے۔ کمپنی کے مطابق بعض افراد واٹس ایپ کے ذریعے صارفین کو دھوکہ دے کر ان کی ذاتی یا مالی معلومات حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

واٹس ایپ نے کہا کہ اگرچہ اسپیم پیغامات کو روکنے کے لیے سسٹم مسلسل کام کر رہا ہے، لیکن جس طرح عام فون کالز یا ایس ایم ایس کے ذریعے کوئی بھی آپ سے رابطہ کر سکتا ہے، ویسے ہی کوئی واٹس ایپ صارف بھی آپ کے نمبر پر پیغام بھیج سکتا ہے، چاہے وہ آپ کے رابطوں میں شامل نہ ہو۔

مشکوک پیغامات کی پہچان کے لیے واٹس ایپ کی ہدایت

کمپنی نے مشورہ دیا کہ اگر کسی پیغام میں ہجے یا گرامر کی غلطیاں ہوں، لنک پر کلک کرنے یا ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کا کہا جائے، ذاتی معلومات یا رقم طلب کی جائے، یا کسی لٹری، جاب یا انویسٹمنٹ اسکیم کا ذکر ہو تو یہ پیغام مشکوک ہوسکتا ہے۔

واٹس ایپ نے واضح کیا کہ ایپ مکمل طور پر مفت ہے اور کسی بھی صارف کو استعمال کے لیے ادائیگی کی ضرورت نہیں، لہٰذا اگر کوئی رقم مانگے تو فوراً بلاک اور رپورٹ کریں۔

ایپ کے مطابق، اگر کوئی نامعلوم نمبر سے پیغام آئے تو صارفین کو اس بارے میں سگنلز دکھائے جائیں گے — جیسے کہ آیا وہ آپ کے کسی گروپ میں شامل ہے، یا کسی دوسرے ملک کا نمبر ہے — تاکہ آپ فیصلہ کر سکیں کہ اسے جواب دینا ہے یا بلاک کرنا ہے۔

عام فراڈ کی اقسام

رومانس یا تعلقات پر مبنی فراڈ: جذباتی تعلق بنا کر رقم یا قرض مانگنا۔

جعلی ملازمت کے مواقع: بڑی کمپنیوں کے نام پر ذاتی معلومات یا فیس طلب کرنا۔

سرمایہ کاری کے جھانسے: کرپٹو کرنسی، اسٹاک یا جائیداد میں کم خطرے اور زیادہ منافع کا وعدہ۔

شناخت چرانے کے کیسز: دوست، رشتہ دار یا مشہور شخصیت بن کر رقم یا معلومات مانگنا۔

کمپنی نے مشورہ دیا کہ کسی بھی مشکوک پیغام پر کلک، شیئر یا فارورڈ نہ کریں، اور نامعلوم افراد سے رابطے کی صورت میں ان کی شناخت تصدیق کیے بغیر کوئی معلومات فراہم نہ کریں۔

واٹس ایپ کے مطابق، صارفین کی احتیاط ہی ان کے اکاؤنٹس کو محفوظ رکھنے کی سب سے بڑی ضمانت ہے۔

پاکستان