ڈائریکٹر جنرل انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (ڈی جی آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف قید میں موجود پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کو فوج مخالف بیانیہ بنانے اور پھیلانے پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ایک ذہنی مریض افواج پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کررہا ہے، اپنے آپ کو عقل کل سمجھنے والا دوسروں کو غدار کہتا پھر رہا ہے، ایک شخص کی ذات اور خواہشات ریاست پاکستان سے بڑھ کر ہیں، اس شخص کی سیاست ختم ہوچکی۔
راولپنڈی میں پریس کانفرنس کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ چیف آف ڈیفنس فورسز ہیڈ کوارٹر جنگی معاملات سے آگاہی فراہم کرے گا۔ہمیں قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز پر بات کرنی ہے، ہم کئی بار واضح کرچکے کہ مسلح افواج پاکستان کی محافظ ہیں، وردی ہمارا فخر اور غرور ہے، ہم پاکستان کی سالمیت کیلئے دن رات کوشاں ہیں، ہم کسی کے ایجنڈے پر نہیں ملک کی حفاظت کیلئے کام کررہے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ مسلح افواج کی قیادت کو نشانہ بنانے والے قوم کے خیرخواہ نہیں، اپنی سیاست کو افواج پاکستان سے دور رکھا جائے، افواج پاکستان اور عوام میں دراڑ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
’ایک شخص کی خواہشات ریاست سے بڑھ کر ہیں‘
انہوں نے کہا کہ ایک شخص کی ذات اور خواہشات ریاست پاکستان سے بڑھ کر ہیں، مسلح افواج عوام اور ہندوتوا سوچ کے درمیان ڈھال کا کردار ادا کررہی ہیں، اس شخص کی سیاست ختم ہوچکی، اپنی سیاست خود کریں اور فوج کو سیاست سے دور رکھیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ آئین میں آزادی اظہار رائے کی اجازت ہے، مگر قومی سلامتی پر اظہار رائے کی آئین اجازت نہیں دیتا، پاک فوج کی قیادت کے خلاف کسی بیانیے کی اجازت نہیں دینگے۔
انہوں نے کہا کہ ایک شخص نے پاکستان کی ترسیلات زر بند کرنے کا کہا، ایک شخص نے عوام کو بجلی کے بل جمع نہ کرانے کی ترغیب دی، ہم نے اپنے سے 8گنا بڑی فوج کے سامنے کھڑے ہوکر دکھایا، کوئی چاہتا ہے کہ فوج دہشت گردوں کے خلاف قوم کی ڈھال نہ بنے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ یہ لوگ بیانیے کو پوری طرح پھیلاتے ہیں، افغانستان اور بھارت کا سوشل میڈیا ان کے بیانیے کوبڑھاوا دیتا ہے، سوشل میڈیا پر مسلح افواج کی ہرزہ سرائی کی جاتی ہے، بھارت اور افغانستان میں موجود ٹرولنگ اکاؤنٹ لمحوں میں بیانیہ وائرل کرتےہیں، بھارتی میڈیا مخصوص ٹولے کا سب سے بڑا سہولت کار ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ بھارتی میڈیا پر نورین نیازی ملک اور قوم کے خلاف انٹرویو دیتی ہیں، سہیل آفریدی کی پریس کانفرنس بھی بھارتی میڈیا پر دکھائی جاتی ہے، بھارتی میڈیا مسلح افواج کے خلاف پی ٹی آئی کی زبان بنا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ افواج پاکستان کے خلاف بیانیے پر بہت زیادہ پیسے خرچ کررہے ہیں، خوارجین کا سہولت کار افغان میڈیا بھی ان کے بیانیے پر ٹرولنگ کررہا ہے۔ ایک ذہنی مریض افواج پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کررہا ہے، ذہنی مریض نے دو دن پہلے ٹوئٹ کیا، ذہنی مریض کا ٹوئٹ بھارتی اور افغان ٹرولرز نے لمحوں میں وائرل کیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ غدار شیخ مجیب الرحمٰن سے بھی متاثر ہے، اپنے آپ کو عقل کل سمجھنے والا دوسروں کو غدار کہتا پھر رہا ہے، اقتدار ملنے پر خوش اور نکلنے پر آمریت کے الزامات لگاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیف آف ڈیفنس فورسز کے نوٹیفکیشن پر ہر 10منٹ بعد وی لاگ ہورہے تھے پروپیگنڈا سیل مرضی سے کسی کا بھی نوٹیفکیشن بنالیتا ہے، بھارتی اینکرز شعبدہ بازوں کے بیانیے کو ہوا دیتے ہیں۔اس جماعت کے پیروکار بھارتی میڈیا کو مسلسل منفی مواد فراہم کرتے ہیں۔











