چند روزقبل حیدرآباد کے ایک کرکٹر کےانتقال پرسابق کپتان معین خان کی تصویر لگا کر ان کے اہل کانہ سے تعزیت کا عمل شروع ہوگیا تھا ۔ اور اب ایک رکن اسمبلی نے سندھ اسمبلی میں بھی ان کے دعائے مغفرت کی استدعا کردی۔۔
گزشتہ دنوں حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے سابق فرسٹ کلاس کرکٹر معین خان راجپوت 65 برس کی عمر میں دل کا جان لیوا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئے تھے۔
سوشل میڈیا پرسب سے پہلے خبر دینے کی دوڑ میں حیدرآباد کے سینئر کرکٹر معین خان راجپوت کے انتقال پر سابق کپتان معین خان کی تصویر لگادی۔ اور ان کے بیٹے اعظم خان سے تعزیت بھی کردی گئی۔
سابق وکٹ کیپر بلے باز معین خان نے اس جھوٹی خبر پر اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ سوشل میڈیا نے تصدیق کیے بغیر میرے متعلق خبر چلائی، جس سے سخت کوفت اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
جمعے کے روز سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران صابر قائم خانی نے اسپیکر سےاپیل کردی کہ معین خان کے انتقال پر ان کے ایصال ثواب اور درجات کی بلندی کےلئے فاتحہ خوانی کی جائے۔
سندھ اسمبلی کے دیگر اراکین نے صابر قائمخانی کو روکا اور اسپیکر نے بھی معین خان کے انتقال کی خبر سے متعلق کہا کہ یہ فیک نیوز ہے۔











