لاہور: آل راؤنڈر شاداب خان کی پاکستان ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں واپسی ہو گئی ہے۔ قومی سلیکشن کمیٹی نے سری لنکا کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جس کی قیادت سلمان علی آغا کریں گے۔
شاداب خان نے آخری بار جون میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔ وہ اس سال کندھے کی سرجری کے بعد نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بحالی کے مرحلے سے گزرے اور اس وقت آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ میں کھیل رہے ہیں۔
اسکواڈ میں ایک نیا نام وکٹ کیپر بیٹر خواجہ نفے کا بھی شامل ہے۔ 23 سالہ خواجہ نفے اس سے قبل پاکستان شاہینز کا حصہ رہ چکے ہیں اور 32 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں۔
پاکستان ٹیم جنوری کے پہلے ہفتے میں سری لنکا روانہ ہوگی۔ تینوں ٹی ٹوئنٹی میچز 7، 9 اور 11 جنوری کو دمبولا میں رنگیری دمبولا انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
یہ سیریز آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کے ممکنہ اسکواڈ کو حتمی شکل دینے میں مدد دے گی۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 7 فروری سے 8 مارچ تک بھارت اور سری لنکا میں ہوگا، جبکہ پاکستان اپنے تمام میچز کولمبو میں کھیلے گا۔
پاکستان کا 15 رکنی اسکواڈ
سلمان علی آغا (کپتان)، عبدالصمد، ابرار احمد، فہیم اشرف، فخر زمان، خواجہ نفے (وکٹ کیپر)، محمد نواز، محمد سلمان مرزا، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، صاحبزادہ فرحان (وکٹ کیپر)، صائم ایوب، شاداب خان، عثمان خان (وکٹ کیپر)، عثمان طارق۔











