جنوبی بھارت کی فلم انڈسٹری کے سپر اسٹار یش کی نئی آنے والی فلم ٹاکسک: اے فیری ٹیل فار گرون اپس ریلیز سے پہلے ہی شدید تنازع کا شکار ہو گئی ہے۔ فلم کا ٹییزر حال ہی میں جاری کیا گیا تھا، جس میں یش کے مداحوں میں جوش و خروش دیکھا جارہا ہے، وہیں کچھ مناظر نے سوشل میڈیا اور سماجی حلقوں میں ہنگامہ کھڑا کر دیا۔
معروف جنوبی بھارتی فلم ہدایتکار گیتو موہنداس کی فلم کے ٹییزر پر اب کرناٹک میں خواتین کے حقوق سے وابستہ تنظیم نے باضابطہ اعتراض درج کرا دیا ہے۔ الزام عائد کیا گیا ہے کہ ٹییزر میں دکھائے گئے بعض مناظر فحش ہیں، جو خواتین اور بچوں کی عزت و وقار کو مجروح کرتے ہیں اور معاشرے پر منفی اثر ڈال سکتے ہیں۔
اسٹیٹ ویمن کمیشن سے رجوع
عام آدمی پارٹی کی خواتین ونگ نے اس معاملے پر کرناٹک اسٹیٹ ویمن کمیشن کو تحریری شکایت دی ہے۔ تنظیم کا مطالبہ ہے کہ ریاستی حکومت فوری طور پر اس فلم کے ٹییزر کو واپس لے یا منسوخ کرے۔
شکایت میں یہ نکتہ بھی اٹھایا گیا ہے کہ ٹییزر کو بغیر کسی عمر کی حد کے عوامی طور پر جاری کیا گیا، جو ضابطوں کی خلاف ورزی ہے۔
ٹیزر نے توجہ بھی سمیٹی
واضح رہے کہ ’ٹاکسک‘ کا ٹیزر 8 جنوری کو یش کی 40ویں سالگرہ کے موقع پر ریلیز کیا گیا تھا، جس میں یش کو ’رایا‘ کے کردار میں پیش کیا گیا ہے۔ تنازع کے باوجود، ٹییزر نے سوشل میڈیا پر زبردست توجہ حاصل کی ہے اور بحث کا مرکز بنا ہوا ہے۔
اسٹار کاسٹ اور ریلیز ڈیٹ
اس میگا پروجیکٹ میں یش کے ساتھ ہما قریشی، تارا ستاریا، کیارا اڈوانی، نینتارا اور رکمنی وسنت بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گی۔
فلم کی ریلیز کی تاریخ 19 مارچ 2026 مقرر کی گئی ہے، تاہم ٹیزر پر اٹھنے والے اعتراضات کے بعد میکرز کے لیے مشکلات بڑھتی دکھائی دے رہی ہیں۔











