سال 2026 میں بھی گوگل کی مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے میدان میں جارحانہ حکمتِ عملی جاری ہے۔ ایپل کے ساتھ شراکت داری، نئے شاپنگ ٹولز، جینمنئی میں پرسنل انٹیلی جنس اور گوگل ٹرینڈز میں چیٹ بوٹ شامل کرنے کے بعد اب گوگل نے اوپن سورس کمیونٹی کی جانب بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ٹرانسلیٹ گیما اے آئی ماڈلز متعارف کرا دیے ہیں۔
گوگل کے مطابق ٹرانسلیٹ گیما ملٹی لینگول اے آئی ماڈلز ہیں جو درجنوں زبانوں کے درمیان ترجمے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ یہ ماڈلز نہ صرف ٹیکسٹ بلکہ تصاویر (صرف اِن پٹ) میں موجود متن کو بھی پہچان کر ترجمہ کر سکتے ہیں۔
گوگل کی جانب سے جاری بلاگ پوسٹ کے مطابق ٹرانسلیٹ گیما کے تین مختلف ویریئنٹس پیش کیے گئے ہیں۔
4بی (چار ارب پیرامیٹرز): موبائل اور ایج ڈیوائسز کے لیے موزوں
27بی: اعلیٰ ترین معیار کا حامل ماڈل، جو اینویڈیا جی پی یو ایچ 100 یا ٹی پی یو پر لوکل طور پر چلایا جا سکتا ہے۔
یہ ماڈلز ہگنگ فیس، کیگل اور گوگل کے کلاؤڈ پلیٹ فارم ورٹیکس اے آئی پر دستیاب ہیں، جبکہ ان کے لیے ایسا لائسنس فراہم کیا گیا ہے جو تعلیمی اور تجارتی دونوں استعمال کی اجازت دیتا ہے۔
کم ڈیٹا والی زبانوں پر خاص توجہ
ٹرانسلیٹ گیما ماڈلز کو گیما 3 پر بنایا گیا ہے اور انہیں سپروائزڈ فائن ٹیوننگ(ایس ایف ٹی) کے ذریعے تربیت دی گئی، جس سے کم ڈیٹا والی زبانوں میں بھی بہتر کارکردگی ممکن ہوئی۔ پھر ری انفورسمنٹ لرننگ کے ذریعے ترجمے کے معیار کو مزید بہتر بنایا گیا۔
گوگل کا دعویٰ ہے کہ 12B ٹرانسلیٹ گیما ماڈل نے عالمی سطح پر معروف ورلڈ مشین ٹرانسلیٹ 2024 (ڈبلیو ایم ٹی++24) بینچ مارک میں گیما 3 کے 27بی ماڈل سے بھی بہتر کارکردگی دکھائی ہے، وہ بھی نصف سے کم پیرامیٹرز کے ساتھ۔
کمپنی کے مطابق ٹرانسلیٹ گیما کو 55 زبانوں کے جوڑوں پر تربیت اور جانچ کے عمل سے گزارا گیا ہے، جن میں ہسپانوی، فرانسیسی، چینی، ہندی سمیت کئی زبانیں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ تقریباً 500 اضافی زبانوں کے جوڑوں پر بھی ماڈل کو تربیت دی گئی ہے۔
گوگل کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ڈویلپرز اور اداروں کو کم لاگت میں اعلیٰ معیار کا ترجمہ حل فراہم کرے گا اور ملٹی لنگول اے آئی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔











