دنیا کی سب سے مقبول انسٹنٹ میسجنگ اور کالنگ ایپ واٹس ایپ پر جلد ہی ایک فیچر آنے والا ہے جس میں 2 جی بی تک کی فائلز کو ایک لمحے میں شیئر کیا جاسکے گا۔
واٹس ایپ ٹریکر ویب سائیٹ ویبییٹا انفو (WABetaInfo )کے مطابق واٹس ایپ کے ماہرین ایک ایسے فیچر پر کام کررہے ہیں جس میں صارف 2 جی بی سائز کی فائل ایک چٹکی میں شیئر کر سکے گا۔ اس کے لیے صارف کو ایپ کے شیئر فائلز سیکشن میں جانا ہوگا۔ یہاں فائل کو دو صارفین کے درمیان ٹرانسفر کیا جائے گا، اور پوری فائل منتقل نہیں ہو نے تک صارفین کو اس سیکشن میں رہنا ہوگا۔
فائل شیئرنگ کا یہ طریقہ بھی اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ ہے، اس لیے یہاں فائل شیئرنگ اتنی ہی محفوظ ہے جتنا کہ واٹس ایپ میں معیاری طریقے سے ہے۔
ایک اور دلچسپ بات یہ ہے کہ رازداری کے لیے، فون نمبرز بھی فائل شیئرنگ کے دوران پوشیدہ رہیں گے، اور ان لوگوں کو نظر نہیں آئیں گے جو آپ کی رابطہ فہرست میں محفوظ نہیں۔
دو بڑی ٹیک کمپنیوں گوگل اور سام سنگ نے حال ہی میں اس کے لیے کوئیک شیئر اپ ڈیٹ دیا ہے جس کے ذریعے فائلز کو بہت آسانی سے منتقل کیا جا سکتا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ واٹس ایپ کا یہ آنے والا فیچر صارفین کے لیے کتنا کارآمد ثابت ہوتا ہے۔











