اہم ترین

شہریار آفریدی کو عدالت نہ لانے پر ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی گرفتاری کا حکم

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہر یار آفریدی کو عدالتی حکم کے باوجود تھری ایم پی او کے تحت نظربند کرنے سے متعلق توہین عدالت کےمقدمے میں اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر عرفان نواز میمن کے ورانٹ گرفتاری جاری کردیے ہیں

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس بابر ستار نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور ایس ایس پی آپریشنز کے خلاف توہین عدالت کے مقدمے کی سماعت کی۔

عدالت نے گزشتہ سماعت میں تھری ایم پی او کے تحت نظربند کئے گئے شہر یار آفریدی کو پیش کرنے کا حکم دیا تھا لیکن اس کے باوجود انہیں پیش نہیں کیا گیا۔

عدالتی استفسار پر بتایا گیا کہ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کو اپنی والدہ کے ساتھ عمرے کے لیے سعودی عرب جانا تھا، انہوں نے دفتر سے بھی دو ہفتے کی رخصت لی ہے۔ اس لیے وہ عدالت میں پیش نہیں ہوسکتے لہٰذا ان کی ایک دن کے لیے عدالت سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کو منظور کیا جائے۔

جسٹس بابر ستار نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنر نے عدالت کو اس سلسلے میں آگاہ کرنا بھی مناسب نہیں سمجھا۔عدالت کو بتائے بغیر ڈی سی بیرونِ ملک کیسے چلے گئے۔

عدالت نے ملزم کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے اور چاروں صوبوں کی پولیس کے سربراہان کو حکم دیا کہ وہ ملزم کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کریں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکام کو ہدایات جاری کی ہیں کہ ڈپٹی کمشنر کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈلا جائے اور انھیں گرفتار کر کے بدھ کو صبح 9 بجے عدالت میں پیش کیا جائے۔

پاکستان