انسٹنٹ میسیجنگ اور کالنگ ایپ واٹس ایپ کے نئے فیچر کے ذریعے صارفین اپنے پروفائل میں رپورٹ شدہ واٹس ایپ چینلز کی تفصیلات بھی جان سکیں گے۔
واٹس ایپ نے اپنی اینڈرائیڈ ایپ میں ایک نیا فیچر متعارف کروانا شروع کر دیا ہے۔ چینل رپورٹ نامی اس فیچر کے ذریعے صارفین ان چینلز کی فہرست حاصل کر سکیں گے جن کے لیے رپورٹ درج کی گئی ہے اور اس میں کی گئی کارروائی کے بارے میں معلومات حاصل کر سکیں گے۔
اس وقت کمپنی نے یہ فیچر صرف بیٹا صارفین کے لیے متعارف کرایا ہے جو اینڈرائیڈ 2.24.3.31 اپ ڈیٹ کے ذریعے دستیاب ہوگا۔ واٹس ایپ کی یہ نئی اپ ڈیٹ گوگل پلے اسٹور پر دستیاب ہے۔
چینل رپورٹ فیچر استعمال کیسے کریں
اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے صارفین کو اپنا واٹس ایپ کھولنا ہوگا۔ آپ کو اوپر دائیں جانب نظر آنے والے تھری ڈاٹ آئیکون سے سیٹنگز پر کلک کرنا ہوگا۔
اس کے بعد صارفین کو سیٹنگز جاکر ہیلپ کے آپشن پر کلک کرنا ہے۔پہلے صارفین کو ہیلپ کے تحت صرف تین آپشن ملتے تھے جن میں ہیلپ سینٹر، شرائط اور پرائیویسی پالیسی اور ایپ کی معلومات شامل تھیں، لیکن اب صارفین کو چینل رپورٹس کے نام سے ایک نیا آپشن بھی ملے گا۔
اس نئے آپشن پر کلک کرنے کے بعد صارفین دیکھیں گے کہ انہوں نے کن چیلنجز کو اب تک رپورٹ کیا ہے اور ان پر واٹس ایپ نے کیا کارروائی کی ہے۔
واٹس ایپ نے ابھی تک اس فیچر کو عام صارفین کے لیے لانا شروع نہیں کیا، تاہم امید کی جا رہی ہے کہ آنے والے وقت میں واٹس ایپ اس فیچر کو تمام صارفین کے لیے جاری کر سکتا ہے۔











