امریکی ایوان صدر وائٹ ہاؤس نے امریکی صدر کے ساتھ مختلف ملکی و غیر ملکی دوروں کے دوران سفر کرنے والے صحافیوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ خصوصی طیارے سے قیمتی سامان کا چرانے کا سلسلہ بند کریں۔
جرمنی کے سرکاری ادارے کے مطابق دنیا بھر کی طرح امریکی صدر بھی اپنے دوروں کے دوران قابل اعتماد صحافیوں کو ساتھ لے جاتے ہیں۔،عام طور پر ان کے ساتھ 13صحافی ہوتے ہیں۔ جن کی نشستیں طیارے کے عقبی حصے میں ہوتی ہیں۔ یہ حصہ پریس سیکشن کہلاتا ہے۔
گزشتہ کئی دہائیوں سے صحافیوں کو صدارتی مہر والے ایم اینڈ ایم کی چاکلیٹ کے چھوٹے پیکٹ تحفتاً دیئے جاتے ہیں۔ لیکن امریکی صدر کے لئے مخصوص طیارے ایئرفورس ون سے صدارتی مہر والے تکیے، تولئے ، گلاس اور دیگر سامان چوری ہو رہی ہیں۔ ان واقعات میں امریکی صدر کے ساتھ سفر کرنے والے صحافی ملوث ہوتے ہیں ۔ جن کا مقصد اپنے جاننے والوں میں رعب دکھانا ہوتا ہے۔
طیارے سے چیزیں چوری ہونے کا معاملہ اس وقت سامنے ۤیا جب دو ماہ قبل جو بائیڈن نے ملک کے مغربی ساحلی علاقوں کا دورہ کیا۔ فضائی سفر مکمل ہونے کے بعد جب انتظامیہ نے طیارے میں موجود اشیا کا معائنہ کیا تو معلوم ہوا کہ طیارے کے پریس سیکشن سے کئی چیزیں غائب تھیں۔
معاملہ گھمبیر ہونے پر وائٹ ہاوس کے نامہ نگاروں کی تنظیم نے اپنے اراکین کو ایک ای میل کے ذریعہ تنبیہ کی ہے کہ ہوائی جہاز سے اشیاء لے جانا منع ہے۔ وہ ایئر فورس ون سے چیزیں چرانا بند کریں ورنہ تادیبی کارروائی ہوگی۔