اہم ترین

اسرائیلی جنگی جرائم کی مذمت کرتی رہی ہوں اور کرتی رہوں گی: ملالہ یوسف زئی

امن کی نوبل انعام یافتہ پاکستانی خاتون ملالہ یوسف زئی نے کہا ہے کہ وہ اسرائیلی حکومت کی بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم کی مذمت کرتی رہی ہیں اور کرتی رہیں گی ۔

ایکس پر اپنی ٹوئٹ میں ملالہ یوسف زئی نے کہا کہ وہ سمجھتی ہیں کہ غزہ کے لوگوں کی حمایت سے متعلق ان کے بارے میں کوئی الجھن پیدا نہ ہو۔ ہمیں مزید لاشیں دیکھنے، اسکولوں پر بمباری اور بھوک سے مرتے بچوں دیکھ کر یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ یہ کارروائیاں فوری بند ہونا بہت ضروری ہے۔

ملالہ یوسف زئی نے مزید کہا کہ میں اسرائیلی حکومت کی بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم کی مذمت کرتی رہی ہوں اور کرتی رہوں گی۔

اسرائیل سے متعلق نوبل انعام یافتہ خاتون کی وضاحت ایسے وقت میں آئی ہے جب انہیں نیویارک میں ہونے والی ایک تقریب میں شرکت کی وجہ سے تنقید کا سامنا ہے۔

اس تقریب میں انہوں نے اسرائیل نواز سابق امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن کے ہمراہ شرکت کی تھی۔ “Suffs” کے عنوان سے اس تقریب میں گزشتہ صدی کے دوران امریکی خواتین کی ووٹ کے حق کے لیے مہم کو اجاگر کیا گیا تھا ۔

ملالہ یوسف زئی کی ہیلری کلنٹن کے ہمراہ شرکت پر پاکستان میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی سرکردہ خواتین نے تشویش کا اظہار کیا تھا۔

پاکستان