پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق آسٹریلین فاسٹ بولر جیسن گلیسپی کو ریڈ بال جب کہ اور گیری کرسٹن کو وائٹ بال فارمیٹ میں قومی کرکٹ ٹیم کا کے ہیڈ کوچ مقرر کیا ہے جب کہ اظہر محمود تمام فارمیٹس میں اسسٹنٹ کوچ کے فرائض سر انجام دیں گے۔ تما تقرریاں آئندہ دو سال کے لیے کی گئی ہیں۔
پی سی بی کے مطابق گیری کرسٹن انڈین پریمیئر لیگ میں اپنی ذمہ داریاں مکمل کرنے کے فوراً بعد ٹیم کا چارج سنبھالیں گے۔ اپنے دور میں آئندہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 اور دیگر دو طرفہ وائٹ بال سیریز کے علاوہ اگلے سال پاکستان میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025، اے سی سی ٹی 20 ایشیا کپ 2025 اور آئی سی سی مینز ٹی 20 کے لیے بھی ٹیم کے انچارج ہوں گے۔۔
جیسن گلیسپی اگست میں بنگلا دیش کے خلاف آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی ہوم سیریز کے لیے ذمہ داریاں سنبھالیں گے ، جس کے بعد اکتوبر میں انگلینڈ سے ہوم ٹیسٹ سیریز اور دسمبر میں جنوبی افریقا میں شیڈول سیریز میں بھی ہیڈ کوچ کے فرائض انجام دیں گے۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے اتوار کو لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ اظہر محمود دونوں فارمیٹ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ ہوں گے۔ وائٹ اور ریڈ بال کرکٹ ٹیموں کو جوڑنا ان کی ذمہ داری ہو گی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ غیر ملکی کوچز کا کا آنا اس بات کا ثبوت ہے کہ انہیں ہمارے پوٹینشل پر اعتماد ہے۔مجھے پورا یقین ہے کہ دونوں کوچز ہمارے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو شائقین کی توقعات کے مطابق نئی بلندیوں تک پہنچانے میں بہت ممد کریں گے۔