قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ماضی میں جو ہوگیا سو ہو گیا، پہلے ٹی 20 ورلڈ کپ ٹرافی نہیں جیت سکے تھے مگر اس مرتبہ اعتماد اور یقین ہے کہ ٹرافی ہم لے کر آئیں گے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران بابرا عظم نے کہا کہ میرے لیے سارے کھلاڑی اہم ہیں۔ یہ میچ والے دن پتہ چلتا ہے کہ کونسا کھلاڑی اثر ڈال سکتا ہے۔ ہماری کوچ گیری کرسٹن سے بات چیت چل رہی ہے، ہمارا کوئی انفرادی گول نہیں ہے، ہم بحیثیت ٹیم کھیلیں گے اور متحد ہوکر نتائج دیں گے۔
محمد حارث کے ڈراپ کئے جانے پر بابر اعظم نے کہا کہ حارث کا نمبر ٹاپ آرڈر کا ہے اور ٹاپ آرڈر میں بہت سے کھلاڑی موجود ہیں، محمد حارث کو پی ایس ایل میں موقع ملا مگر وہ ایسا پرفارم نہیں کر سکے۔
حسن علی کی شمولیت سے متعلق بابر اعظم نے کہا کہ سلیکٹرز نے بھی صاف کہا ہے کہ وہ بیک اپ کے طور پر ہے، 15 رکنی سکواڈ کا حصہ نہیں۔ زمان خان نئی گیند کا بولر ہے اور ہمارے پاس پہلے ہی تین، چار بولر ہیں جو نئی گیند سے بولنگ کرتے ہیں۔
ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاک بھارت ٹاکرے اور ویراٹ کوہلی کے خلاف پلاننگ پر بابر اعظم نے کہا کہ ’ایک ماہ قبل کچھ نہیں بتایا جا سکتا، وہاں پہنچ کر صورت حال دیکھیں گے، اس سے پہلے بھی سات میچ ہیں۔ ہم اپنے بہترین کمبی نیشن کے ساتھ جائیں گے۔ ایک ٹیم کے ایک کھلاڑی کے خلاف پلان نہیں کرتے ہیں بلکہ پوری ٹیم کے خلاف پلاننگ کرتے ہیں۔ کوہلی بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہے۔ کوشش کریں گے اس کے خلاف بہترین پلاننگ کریں۔











