اسلام آباد پولیس نے سیف سٹی پراجیکٹ کی مدد سے ویتنام کے سفیر کی لاپتہ بیوی کو 3 گھنٹوں کی محنت سے ڈھونڈ نکالا۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق پاکستان میں ویتنام کے سفیر وفاقی دارالحکومت کے علاقے ایف ایٹ میں رہائش پذیر ہیں۔۔۔ ہفتے کی صبح ان کی اہلیہ پرس اور موبائل چھوڑ کر گھر سے باہر نکلیں لیکن پھر ان کا پتہ نہ چل سکا۔ ویتنامی سفیر نے اسلام ۤباد پولیس سے رابطہ کیا۔
غیر ملکی سفیر کی اہلیہ کی بازیابی کے لیے وفاقی دارالحکومت کے تمام علاقوں کی ناکہ بندی کردی گئی اور سیف سٹی کیمروں سے بھی مدد لی جانے لگی۔
پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ لاپتہ خاتون ایف نائن پارک میں واقع ایک زون میں موجود تھیں، جہاں پر فوڈ کورٹ کے ساتھ انڈور گیمز بھی کھیلی جاتی ہیں۔خاتون کی ’لوکیشن‘ معلوم ہونے کے بعد اسلام آباد پولیس کے حکام ویتنام کے سفیر کو اپنے ساتھ ایف نائن پارک لے کر گئے اور پھر ان دونوں کو بحفاظت ان کے گھر پر چھوڑ کر آئے۔