بالی ووڈ کی کوئن کہی جانے والی اداکارہ اور حال ہی میں بی جے پی کی ٹکٹ پر انتخابات جیتنے والی اداکارہ کنگنا رناوت کو چنڈی گڑھ ایئرپورٹ پر خاتون اہلکار نے تھپڑ مار دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبر پارلیمنٹ منتخب ہونے کے بعد کنگنا رناوت دہلی جانے کے لئے چندی گڑھ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچی تھیں۔ وہ دہلی جانے سے پہلے ایئرپورٹ پر تلاشی کے لیے رکیں ۔جہاں سی آئی ایس ایف کی لیڈی کانسٹیبل کلویندر کور نے ان کی تلاشی لی۔ تلاشی کے بعد خاتون کانسٹیبل نے کنگنا رناوت کو تھپڑ مار دیا۔
تھپڑ مارنے کی ملزم خاتون کانسٹیبل کلویندر کور نے کہا کہ کنگنا رناوت نے تین زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کے احتجاج کے دوران پنجاب کی خواتین کے بارے میں غلط بیان دیا کہ پنجاب کی خواتین پیسے کے لیے کسانوں کے احتجاج میں حصہ لیتی ہیں۔
کنگنا رناوت کا کہنا ہے کہ وہ اس حوالے سے دہلی میں وزارت داخلہ میں شکایت کریں گی۔ تاہم اس کے بعد کنگنا فلائٹ میں سوار ہوگئی ، جو شام 4 بج کر 10 منٹ پر ٹیک آف ہوئی۔ خبر لکھے جانے تک خاتون کانسٹیبل کلویندر کور ابھی بھی سی آئی ایس ایف کمانڈنٹ کے سامنے موجود تھی۔
کلویندر سے کمانڈنٹ کے کمرے میں پوچھ گچھ کی جا رہی ہے کہ ان کی کس بات پر بحث ہوئی۔ ذرائع کے مطابق مزید تحقیقات کے لیے سی آئی ایس ایف کے سینئر افسران پر مشتمل ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔
کنگنا رناوت کو تھپڑ مارنے والی سی آئی ایف ایس کانسٹیبل کلویندر کور کا ایک اور ویڈیو سامنے آیا ہے، جس میں وہ غصے میں چیختے ہوئے نظر آئیں۔ کلویندر کور کو یہ کہتے ہوئے دیکھا گیا کہ جب کنگنا نے یہ بیان دیا تھا کہ خواتین 100 روپے کے لیے دھرنے پر جاتی ہیں، میری ماں اسی وقت دھرنے پر بیٹھی تھیں۔