کویت میں شدید گرمی کی وجہ سے بجلی کی طلب رسد سے بڑھ گئی ہے جس کے بعد حکام نے بعض شعبوں کو بجلی کی فراہمی میں کمی کردی ہے۔
اے ایف پی کے مطابق کویت میں بجلی، پانی اور قابل تجدید توانائی کی وزارت نے اپنے بیان میں کہا ہے گزشتہ برسوں میں گرمی کے ان ہی مہینوں کے مقابلے میں اس مرتبہ درجہ حرارت بہت زیادہ ہے جس کی وجہ سے بجلی کی ضرورت بھی بڑھ گئی ہے۔ پاور پلانٹس طلب کے مطابق پیداوار کے قابل نہیں۔
کویت کی متعلقہ وزارت نے لوڈ شیڈنگ کا شیڈول بھی جاری کردیا ہے۔جس کے مطابق موسم میں بہتری آنے اور بجلی کی پیداوار رسد کے برابر ہونے تک دن میں دو گھنٹے کے لئے بجلی کی فراہمی بند رہے گی۔
کویت کا شمار دنیا میں سب سے زیادہ خام تیل برآمد کرنے والے ملکوں میں ہوتا ہے۔ حالیہ برسوں کے دوران ماحولیاتی تبدیلی نے موسم گرما کو مزید گرم اور طویل بنا دیا ہے۔ 20 جون کو کویت میں 50 ڈگری سیلسئیس سے زائد درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ شدید گرمی لوگوں کا ایئر کنڈیشنرز پر انحصار بڑھاتی ہے۔
شدید گرمی میں بجلی کی کھپت کو پورا کرنے کے لئے کویت نے گزشتہ ماہ اومان سے 3000 جب کہ قطر سے 200 میگاواٹ بجلی خریدنے کا معاہدہ کیا تھا۔