گزشتہ برس آئی فون 16 سیریز کے لانچ ہونے کے کچھ ہی عرصے بعد اس کی نئی سیریز کے بارے میں خبریں آنا شروع ہو گئیں ہیں اور یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے۔ اب آئی فون 17 کے ریئر پینل کا ڈیزائن بھی سامنے آیا ہے۔ جس کے مطابق کیمرے کے ماڈیول کو مکمل طور پر تبدیل کر دیا گیاہے۔
آئی فون 17 سیریز کے بارے میں قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ کمپنی اس سیریز کے ڈیزائن میں تبدیلی کر سکتی ہے۔ خاص طور پر کیمرہ ماڈیول کے حوالے سے کہا جا رہا تھا کہ کمپنی ایک افقی کیمرہ ماڈیول فراہم کر سکتی ہے جو گوگل پکسل کے پچھلے کیمرے کے ڈیزائن جیسا ہو گا۔ اب معروف ٹِپسٹر ماجن بو کی جانب سے ایک تصویر شیئر کی گئی ہے جس میں یہ بار درست دکھائی دے رہی ہے۔
اگر ایپل اس قسم کے کیمرہ ماڈیول کو اپناتا ہے تو اس سے فون کی موٹائی کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔
اس سے پہلے آئی فون 17 پرو کی چیسس امیجز بھی لیک ہوئی تھیں جس میں اسی طرح کے کیمرہ کی جگہ کا تعین دکھایا گیا تھا۔ لیکن بعد میں ایسی افواہوں کی تردید کر دی گئی۔ چونکہ کمپنی آنے والی سیریز کے بنیادی ماڈلز میں ڈوئل کیمرہ فراہم کر سکتی ہے، اس لیے یہ ریئر پینل بیس ماڈلز کے لیے نہیں ہو سکتا۔ ممکنہ طور پر یہ آئی فون 17 ایئر ہو سکتا ہے۔
آئی فون 17 ایئر کے بارے میں یہ افواہیں بھی ہیں کہ یہ فون انتہائی سلم ہوگا۔ اس لحاظ سے یہ کیمرہ ماڈیول ڈیزائن بھی فون کے ساتھ ہم آہنگ ثابت ہوتا ہے۔ تاہم اس بارے میں ابھی یقین کے ساتھ کچھ نہیں کہا جا سکتا کیونکہ کمپنی فائنل ریلیز سے قبل کئی پروٹوٹائپس کی جانچ کرتی ہے۔ اور آئی فون 17 سیریز کے لانچ ہونے میں ابھی تقریباً آٹھ ماہ باقی ہیں۔











