اہم ترین

اسرائیل کے غزہ پر زمینی حملے میں توسیع، مزید درجنوں فلسطینی شہید

اسرائیل نے غزہ پر اسرائیلی زمینی حملے میں بڑے پیمانے پر توسیع کا اعلان کرتے ہوئے فلسطینی راہداری کے بڑے علاقوں پر قبضہ کرنے اور انہیں نام نہاد سیکیورٹی زونز میں شامل کرنے کے عزائم کا اظہار کیا ہے۔

اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز کی جانب سے حملوںکیشدت کو بڑھانے کا یہ اعلان اس وقت سامنے آیا جب اسرائیلی فوج نے غزہ بھر میں بمباری کرکے مزید 21 فلسطینیوں کو شہید کر دیا جب کہ مکمل ناکہ بندی کو 31 روز ہوچلے ہیں۔

اسرائیل کاٹز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوجی غزہ میں انفراسٹرکچر کو صاف کرنے کے لئے آگے بڑھیں گے اور ان علاقوں کو اسرائیل کے حفاظتی علاقوں میں شامل کیا جائے گا۔

اسرائیلی وزیر دفاع نے غزہ میں فلسطینیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود حماس کو ختم کردیں اور صیہونی کارروائیوں کو روکنے کے لئے علاقے میں قید بقیہ اسرائیلی یرغمالیوں کو چھڑوائیں۔

اسرائیلی فوج نے غزہ کے پچیس فیصد حصے پر قبضہ اور کنٹرول کے لیے فوجی منصوبہ شروع کیا ہے۔ وہ اسے بفر زون قرار دے رہے ہیں ، تقریباً ایک کلومیٹر چوڑے اس علاقے سے رہائشی مکانات اور شہری انفراسٹرکچر سمیت تمام ڈھانچے کو مسمار کررہا ہے۔

قابض اسرائیلی حکومت کا دعویٰ ہے کہ وہ غزہ کی پٹی کے مشرقی حصوں میں سرگرم اسرائیلی زمینی دستوں کے لیے کسی بھی ممکنہ خطرات کو ختم کر رہے ہیں، لیکن بہت سے فلسطینیوں کا خیال ہے کہ یہ پورے غزہ کی پٹی کی آبادی کو بڑے پیمانے پر مصر میں منتقل کرنے کے منصوبے کا صرف آغاز ہے۔

پاکستان