اہم ترین

پوکسیاؤ : چاول کے دانے سے چھوٹی اور بجلی سے تیز ۔۔۔ دنیا کی تیزترین ہارڈ ڈرائیو

ٹیکنالوجی کی دنیا میں چین نے ایک بار پھر تہلکہ مچا دیا ہے۔ اس بار بات کسی موبائل، روبوٹ یا سیٹلائٹ کی نہیں، بلکہ ایک ایسی اسٹوریج ڈیوائس کی ہو رہی ہے جو دیکھنے میں تو بہت چھوٹی ہے، لیکن کام میں کسی بھی سپر کمپیوٹر سے کم نہیں۔

چین کے سائنسدانوں نے ایک نئی ہارڈ ڈرائیو تیار کی ہے جس کا نام پوکسیاؤ رکھا گیا ہے۔ اس کی سب سے بڑی خاصیت اس کی اسپیڈ اور سائز ہے۔ یہ چاول کے ایک دانے سے بھی چھوٹی ہے اور اس کی اسپیڈ ایسی ہے کہ پلک جھپکتے ہی ڈیٹا کو مٹا یا دوبارہ لکھا جا سکتا ہے۔

اگر آپ سوچ رہے ہیں کہ ‘تیز’ کا مطلب کیا ہے، تو جان لیجیے کہ یہ نئی ہارڈ ڈرائیو ‘400 پیکو سیکنڈ’ میں ڈیٹا کو پروسیس کر سکتی ہے۔ پیکو سیکنڈ ایک سیکنڈ کا کھربواں حصہ ہوتا ہے۔ یعنی اتنی جلدی کہ ہماری آنکھوں کو پتہ بھی نہ چلے اور ڈیٹا غائب یا اپ ڈیٹ ہو جائے۔

اس چھوٹے سے ڈیوائس کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ یہ اے آئی یعنی آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے کام کو بہت ہی تیز بنا سکتی ہے۔ سوچئے، جب آپ کسی اے آئی ٹول سے تصویر یا ویڈیو بنواتے ہیں تو اسے کچھ سیکنڈ لگ جاتے ہیں، لیکن اس ڈیوائس کے آنے کے بعد یہ کام چٹکیوں میں ہو جائے گا۔ نہ صرف اے آئی، بلکہ ڈیٹا اینالیسس، مشین لرننگ اور سائنٹفک ریسرچ جیسے بھاری بھرکم کام بھی تیز ہو جائیں گے۔

فی الحال پوکسیاؤ صرف پروٹوٹائپ اسٹیج میں ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ یہ ابھی ٹیسٹنگ اور ریسرچ کے دور میں ہے اور بازار میں عام لوگوں کو ملنے میں تھوڑا وقت لگے گا۔ ابھی اس کی اسٹوریج کیپیسٹی تھوڑی کم ہے، لیکن سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ آگے چل کر اسے زیادہ ڈیٹا رکھنے کے قابل بنایا جائے گا۔

سوچیں اگر آپ کے لیپ ٹاپ یا موبائل میں ایسی فلیش میموری لگ جائے تو آپ کو سست رفتار، ہینگ یا لوڈنگ جیسے الفاظ کو بھولنا پڑ جائے گا۔ تیز پروسیسنگ کا مطلب ہوگا کہ کام جھٹ پٹ ہو، گیمنگ ہو یا ویڈیو ایڈیٹنگ، سب کچھ سپر فاسٹ اور یہی نہیں، ڈیٹا سینٹرز میں اس کا استعمال کرکے بجلی کی بھی بچت ہو سکتی ہے کیونکہ کم وقت میں زیادہ کام ہو پائے گا۔

چین کی یہ نئی دریافت صرف ایک ٹیکنالوجیکل ترقی نہیں، بلکہ ایک نئی ڈیجیٹل انقلاب کی شروعات ہو سکتی ہے۔ ہو سکتا ہے کہ کچھ سالوں میں ہم سب کے ڈیوائسز میں پوکسیاؤ جیسی مائیکرو ہارڈ ڈرائیو لگی ہوں اور ہم ڈیٹا پروسیسنگ کو آج سے بالکل مختلف نظرئیے سے دیکھیں۔

پاکستان