اوپن اے آئی نے جی پی ٹی 5کو لانچ کر دیا ہے، جو کمپنی کی جانب سے اب تک کا سب سے ایڈوانسڈ اے آئی ماڈل ہے۔ کمپنی نے اسے اے آئی کی ایک نئی لہر قرار دیا ہے، کیونکہ یہ تیز، زیادہ سمجھدار اور قابل اعتماد ہے۔ اوپن اے آئی کے سی ای او سیم آلٹ مین نے اسے ایسا ماڈل کہا ہے جو صارفین کو پی ایچ ڈی کی سطح کا ماہرانہ تجربہ فراہم کرے گا، چاہے وہ کوڈنگ ہو، لکھائی ہو، یا صحت سے متعلق مشورے ہوں۔
جی پی ٹی 5میں ریاضی، لکھائی، کوڈنگ، صحت کی بصیرت جیسے کئی شعبوں میں بہتری کی گئی ہے اور سب سے خاص بات یہ ہے کہ اسے اب تمام چیٹ جی پی ٹی صارفین کے لیے دستیاب کر دیا گیا ہے۔
اوپن اے آئی نے جی پی ٹی 5میں “سیف کمپلیشن” فیچر شامل کیا ہے، تاکہ غلط اور ہلوسینیٹڈ جوابات کی ممکنہ کمی ہو۔ یہ ماڈل پچھلے کی نسبت کم غلطیاں کرتا ہے اور “جب اسے کچھ نہیں معلوم ہوتا، تو وہ خود اسے محسوس کر سکتا ہے۔” اس کی رفتار، استدلال کی گہرائی اور سیاق و سباق کی سمجھ میں بہتری آئی ہے، خاص طور پر کوڈنگ میں جہاں یہ اب اعلیٰ بینچ مارکس کو عبور کر رہا ہے۔
اوپن اے آئی نے جی پی ٹی 5کے ساتھ تین اور مختلف ورژن – جی پی ٹی 5 پرو ، جی پی ٹی 5 منی اور جی پی ٹی 5 نینو متعارف کرائے ہیں۔ پرو سبسکرپشن صارفین کو لامحدود رسائی ملے گی اور پلس صارفین کو زیادہ پیغام کی حدیں ملیں گی۔ فری ٹیئر صارفین کو بھی بنیادی سطح کا جی پی ٹی 5دستیاب ہو گیا ہے۔
اوپن اے آئی کا کہنا ہے کہ جی پی ٹی 5ان پٹ ٹیکسٹ، امیجز، آڈیو سب کچھ سمجھ سکتا ہے اور ملٹی ماڈل آرکیٹیکچر پر کام کرتا ہے۔ اس کی سب سے بڑی خاصیت نیا “آٹو-راؤٹنگ” سسٹم ہے، جو صارف کی تلاش کی بنیاد پر خود طے کرتا ہے کہ کون سا ماڈل سب سے بہتر جواب دے گا۔