امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روسی ہم منصب ولادیمیر پوتن کے ساتھ ملاقات کے بعد مشترکہ نیوز کانفرنس میں کہا ہے کہ ہم نے ایک انتہائی نتیجہ خیز ملاقات کی، اور بہت سے نکات پر اتفاق کیا گیا۔ ابھی بہت کم رہ گئے ہیں۔ ہم وہاں نہیں پہنچے، لیکن ہمارے پاس وہاں پہنچنے کا بہت اچھا موقع ہے ۔
امریکی ریاست الاسکا میں ایک سربراہی اجلاس میں ٹرمپ اورپوتن کی تقریباً تین گھنٹے تک ملاقات ہوئی ۔
اس ملاقات میں امریکی صدر کے ساتھ وزیر خارجہ مارکو روبیو اور خصوصی ایلچی اسٹیو وٹ کوف جبکہ روسی صدر کے ساتھ وزیر خارجہ سرگئی لاوروف اور خارجہ امور کے مشیر یوری اوشاکوف نے شرکت کی۔
امریکی صدر کا کہنا تھا پوتن کے ساتھ ملاقات نتیجہ خیز رہی اور کچھ پیش رفت ہوئی ہے۔ یوکرین سے متعلق کوئی ڈیل نہیں ہوئی۔ بہت سے ایسے نکات تھے جس پر اتفاق ہوا ہے۔ کچھ معاملات پر معاہدہ نہیں ہو سکا۔ ہم دونوں ممالک کے درمیان دوستی چاہتے ہیں۔
روس کے صدر کا کہنا تھا کہ ہماری بات چیت کا محور یوکرین کا تنازع تھا۔ وکرین اور اس کے یورپی اتحادیوں کو امن کی راہ میں “رکاوٹیں” نہیں پیدا کرنی چاہئیں۔ پائیدار اورطویل مدتی تصفیے کے لیے ہمیں تنازع کی بنیادی وجوہ کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔
ولادی میر پوتن نے کہا کہ امریکی صدر سے یوکرین پر مفاہمت ہو گئی ہے۔ امید ہے طے پانے والا معاہدہ امن کی راہ ہموار کرے گا۔تاہم انہوں نے معاہدے اور تصفیہ طلب معاملات کی وضاحت نہیں کی۔











