اداکارہ مشی خان کا کہناہے کہ ایک جانب ملک میں کلاؤڈ برسٹ ہورہے ہیں اور دوسری جانب ہمارے معاشرے میں فحاشی عام ہو گئی۔ ایل جی بی ٹی کیو کے تماشے ہورہے ہیں ۔
فیس بک پر اپنی ویڈیو میں مشی خان نے کہا ہے وہ بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ سے خیبر پختونخوا میں تباہی پر دیکھ کروہ صدمہ میں تھیں۔ بےگناہ لوگوں کی جانیں چلی گئیں، ان کے گھر تباہ ہو گئے، مال مویشی مر گئے۔
انہوں نےکہا کہ چند برس پہلے تک کلاؤڈ برسٹ کا ہم نےنام بھی نہیں سنا تھا لیکن اب یہ عام ہوگیا ہے۔ اب بھی کئی علاقے خطرے میں ہیں۔ اس لئے عوام اپنا خیال رکھیں۔
مشی خان نے فیشن ڈیزائنر ماریہ بی کے ایل جی بی ٹی کیو سرگرمیوں کے خلاف موقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے معاشرے میں فحاشی عام ہو گئی۔ ٹک ٹاک دیکھیں تو مرد اور خواتین کا حال بہت برا ہے۔ ملک میں ایل جی بی ٹی کیو کی پارٹیاں بہت خطرناک ہیں۔ یہ گندگی اور غلاظت ہمارے ملک میں ہو رہی ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ایک جانب ملک میں کلاؤڈ برسٹ ہورہے ہیں اور دوسری جانب یہ تماشے ہورہے ہیں۔ غیر ازدواجی تعلقات عام ہو گئے ہیں۔ گاؤں، دیہات اورشہروں میں شوہر کسی کے ساتھ اور بیوی کسی کے ساتھ ہے اور دونوں کو اس کا علم بھی ہے۔ یہ بےحیائی عام ہوتی جا رہی ہے۔ لڑکے ٹرانسجینڈر بننےکے لیے اپنے آپریشن کروا رہے ہیں۔
انہوں نے اپنے ناظرین کو مخاطب کرتے ہوئےکہا کہ براہ مہربانی لوگ اس پر غور کریں ۔۔ لوگ آواز اس لیے نہیں اٹھاتے کیونکہ وہ سب کے لئے قابل قبول ہونا چاہتے ہیں۔تاکہ انہیں کوئی برا نہ کہے کیونکہ ان کے گرد لوگ اسی چیز کا شکار ہیں۔











